آئی آئی ایم سی میں اردو جرنلزم کورس میں داخلہ کا عمل شروع
اردو صحافت کا پی جی ڈپلومہ کورس آئی آئی ایم سی نئی دہلی کیمپس میں منعقد ہوگا اور نئی دہلی کیمپس میں اردو صحافت کی 17 سیٹیں دستیاب ہیں۔
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ماس کمیونیکیشن (آئی آئی ایم سی) میں پی جی ڈپلومہ ان اردو جرنلزم کورس میں داخلے کے لیے آن لائن درخواست کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ تعلیمی سیشن23 -2022 کے اس عمل میں "درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 جولائی 2022 "ہے۔ آن لائن درخواست فارم IIMC کی ویب سائٹ *http://www.iimc.gov.in/* پر دستیاب ہیں۔ داخلہ ٹیسٹ 31 جولائی 2022 کو IIMC کے نئی دہلی کیمپس میں منعقد ہوگا۔
داخلے کے انچارج پروفیسر گووند سنگھ نے بتایا کہ اردو صحافت کا پی جی ڈپلومہ کورس آئی آئی ایم سی نئی دہلی کیمپس میں منعقد ہوگا۔ نئی دہلی کیمپس میں اردو صحافت کی 17 سیٹیں دستیاب ہیں۔ اس کے لیے داخلہ ٹیسٹ 31 جولائی کو صبح 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک لیا جائے گا۔ امتحان میں جنرل نالج اور میڈیا اور کمیونیکیشن کے شعبے سے سوالات پوچھے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جن طلباء نے کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے کسی بھی شعبے میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی ہے وہ آئی آئی ایم سی میں داخلے کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ وہ طلباء جو اپنے بیچلر ڈگری کے آخری سال یا سیمسٹر کے امتحان میں شامل ہو چکے ہیں یا شامل ہو رہے ہیں وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ داخلہ ہو نے کی صورت میں طلباء کو 30 ستمبر 2022 تک اپنی عارضی مارک شیٹ یا سرٹیفکیٹ کی اصل کاپی جمع کرانی ہوگی۔ طلباء کو کورس کے تکمیل پر ڈپلومہ صرف اسی صورت میں دیا جائے گا جب وہ آئی آئی ایم سی کے دفتر میں تصدیق کے لیے اصل ڈگری کا سرٹیفکیٹ پیش کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عام زمرے کے امیدواروں کی پیدائش 1 اگست 1997 کو یا اس کے بعد ہونی چاہیے (زیادہ سے زیادہ 25 سال 1 اگست 2022 تک)۔ او بی سی زمرہ کے امیدواروں کے لیے تاریخ پیدائش یکم اگست 1994 کو یا اس کے بعد ہونی چاہیے (زیادہ سے زیادہ 28 سال 1 اگست 2022 تک)۔
SC/ST/PWD امیدواروں کے لیے تاریخ پیدائش یکم اگست 1992 یا اس کے بعد ہونی چاہیے (زیادہ سے زیادہ 30 سال 1 اگست 2022 تک)۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔