نئی پاکستانی حکومت میں کس کا اہم کردار ہوگا؟

مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد اب پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن میں مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

نئی پاکستانی حکومت میں کس کا اہم کردار ہوگا؟
نئی پاکستانی حکومت میں کس کا اہم کردار ہوگا؟
user

Dw

سیاسی جوڑ توڑ اور مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد اب یہ دیکھنا ہے کہ کون حکومت بنا پائے گا اور کن افراد کا کردار اس میں اہم ہوگا۔ پاکستان میں رواں ماہ ہونے والے عام انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت واضح اکثریت حاصل نہیں کر سکی ہے اور مذاکرات کے کئی ادوار کے بعد اب پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن میں مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔

ان کے مابین یہ نئی ڈیل اس وقت کی یاد دلاتی ہے، جب 2022ء میں ان دونوں سمیت اس وقت اپوزیشن میں موجود دیگر جماعتوں نے اتحاد کر کہ عمران خان کو ایک عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے وزیر اعظم کے منصب سے ہٹایا تھا۔ اب سوال یہ ہے کہ اس تازہ پیش رفت کے بعد آنے والے وقتوں میں پاکستان کی سیاست اور حکومت میں کون لوگ اہم کردار ادا کریں گے۔


شریف خاندان

شریف خاندان ان دو خاندانوں میں سے ایک ہے جو کئی دہائیوں تک پاکستان میں اقتدار میں رہا ہے۔ آٹھ فروری کو ہونے والے الیکشن کے نتائج سے قبل یہ خیال بھی کیا جا رہا تھا کہ ان کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہے اور اس وجہ سے ان کی سیاسی جماعت، یعنی مسلم لیگ ن ہی عام انتخابات میں فاتح ہوگی۔

لیکن واضح اکثریت نہ ملنے کی وجہ سے اب ن لیگ پی پی پی کے ساتھ کی گئی ڈیل کے تحت ایک سیاسی اشتراک اور مخلوط حکومت کا حصہ ہوگی۔ اس معاہدے کے تحت ن لیگ کے شہباز شریف کو ایک بار پھر وزیر اعظم کے منصب کے لیے نامزد کیا جائے گا اور انہیں اپنی جماعت کے علاوہ پی پی پی کی بھی حمایت حاصل ہوگی۔


تاہم الیکشن سے قبل یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ شہباز شریف نہیں، بلکہ ان کے بڑے بھائی نواز شریف اس اہم منصب کے لیے ن لیگ کا انتخاب ہوں گے۔ نواز شریف، جو الیکشن سے کچھ عرصہ پہلے ہی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد لندن سے پاکستان لوٹے تھے، تین بار پاکستان کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں۔ ان کی وطن واپسی کو ان کے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے کی علامت کے طور پر بھی دیکھا جا رہا تھا۔

اب 2024ء کے الیکشن کے نتائج کے تناظر میں ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اپنے بڑے بھائی کی نسبت وہ بہتر ثالث ہیں اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے لیے ان کے فیصلوں اور پالیسیوں پر اثر انداز ہونا زیادہ آسان ہوگا۔ لیکن ساتھ ہی تجزیہ کاروں کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر شہباز شریف وزیر اعظم بن گئے، تب بھی حقیقی طاقت و اختیار نواز شریف کے ہی ہاتھ میں ہوں گے۔


بھٹو خاندان

ن لیگ سے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت پی پی پی کے آصف علی زرداری کو پاکستان کے صدر کے عہدے کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ آصف علی زرداری سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے شوہر ہیں، اور ان کے بیٹےبلاول بھٹو زرداری نے بظاہر، بھٹو خاندان سے منسوب پی پی پی کی کمان سنبھالی ہوئی ہے۔

آصف علی زرداری پہلے بھی ایک بار پاکستان کے صدر رہ چکے ہیں۔ 68 سالہ زرداری بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد صدر بنے تھے۔ اور انہیں ان پر سرکاری ٹھیکوں سے متعلق لگائے گئے الزامات سے منسوب 'مسڑ ٹین پرسنٹ' کے نام سے بھی پکارا جاتا ہے۔


ان کو بدعنوانی، منشیات کی اسمگلنگ اور قتل سے متعلق الزامات میں دو بار جیل بھی بھیجا جا چکا ہے۔ تاہم ان کیسز میں انہیں آج تک باقاعدہ مقدمے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پی پی پی اور ن لیگ کے درمیاں اس نئے اتحاد کے تحت نئی حکومت کے لیے مختلف وزارتوں کے لیے نامزد کیے گئے افراد کے ناموں کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔

عمران خان اور پی ٹی آئی

جیل میں قید عمران خان اس بار الیکشن نہیں لڑ سکے اور ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو نہ صرف انتخابی مہم چلانے سے روکا گیا، بلکہ ان کی پارٹی کے لیڈران کو قانونی کارروائیوں کا سامنا بھی رہا اور پی ٹی آئی کو اس کے انتخابی نشان بلے سے بھی محروم کر دیا گیا۔ اس طرح اس پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والوں کو مجبوراً بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لینا پڑا۔


ان تمام مشکلات اور عمران خان کے ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود الیکشن میں کامیاب ہونے والوں کی سب سے بڑی تعداد ان آزاد امیدواروں کی تھی۔ تاہم یہ تعداد حکومت بنانے کے لیے ناکافی ہے۔ پی ٹی آئی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کر کہ اس کے کئی امیدواروں کو ہرایا گیا ہے۔

اب خواتین اور اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے مخصوص نشستیں حاصل کرنے اور حکومت بنانے پانے کی امید میں اس نے سنی اتحاد کونسل نامی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔ اگر الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آؕئی سے منسلک آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی منظوری دے دیتا ہے، تو ان کی جانب سے عمر ایوب کو وزیر اعظم کے منصب کے لیے نامزد کیا جائے گا۔ لیکن عام خیال یہی ہے کہ تب بھی اصل طاقت اور اختیار عمران خان کے ہی ہاتھ میں ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔