چین میں نئے قمری سال کی تقریبات کا آغاز وسیع سفری سرگرمیوں کے ساتھ
کروڑوں چینی شہری جو اپنے گھر والوں سے دور رہتے ہیں وہ نئے قمری سال کی تقریبات اپنے خاندانوں کے ساتھ منانے کے لیے اپنے آبائی شہروں کا سفر کریں گے۔
چینی قمری سال کی 40 روزہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق قریب 9 ارب شہری اندرون ملک سفر کریں گے اور اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر یہ نیا قمری سال منائیں گے۔مقامی میڈیا کے مطابق اتنی بڑی تعداد میں اندرون ملک سفر دراصل گزشتہ سال اسپرنگ فیسٹیول کے دوران 4.7 بلین چینی باشندوں کے سفری ٹرپس کے مقابلے میں تقریباً دوگنا زیادہ ہے۔ جبکہ 2023 میں کووڈ 19 کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ انتہائی سخت سفری ضوابط اور پابندیوں کو ان تقریبات سے قبل نرم کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : نیا ہجری سال، حقائق اور پیغام
کروڑوں چینی شہری جو اپنے گھر والوں سے دور رہتے ہیں وہ نئے سال کی تقریبات اپنے خاندانوں کے ساتھ منانے کے لیے اپنے آبائی شہروں کا سفر کریں گے۔ چینی قمری سال کا آغاز اس سال 10 فروری کو ہو گا۔ سال نو کی تقریبات 40 روز تک جاری رہتی ہیں۔ چین کے قمری سال کے آغاز کی تقریبات کے سلسلے میں کروڑوں چینی شہری سفر کرتے ہیں اور اس طرح یہ سرگرمیاں دنیا کی سب سے بڑی سفری سرگرمیوں میں شمار ہوتی ہیں۔
چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چین میں سال نو کی تقریبات کے سلسلے میں سفر کرنے والوں کے 9 بلین ٹرپس میں سے قریب 80 فیصد روڈ ٹرپس ہون گے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ جبکہ باقی چینی باشندے اپنے گھر والوں، رشتے داروں اور دوست و احباب کے ساتھ نئے سال کی تقریبات منانے کے لیے غالباً ریل، ہوائی جہازوں اور پانی کے جہازوں کا سفر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : مصر اور چین مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے
جمعے 26 جنوری کو تقریباً 11 ملین ٹرین ٹرپس متوقع ہیں جو کہ چین میں ٹرانسپورٹ کا ایک اور اہم ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ 40 روزہ تقریبات کے دوران ملک بھر میں کل 480 ملین ٹرپس کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو کہ 2023 کے مقابلے میں 38 فیصد اور 2019 میں کووڈ سے قبل کے مقابلے میں 17 فیصد زیادہ ہے۔
اس سیزن کے پہلے سفری دن کے دوران ٹرینوں اور ہوائی جہازوں کے زریعہ کیے جانے والے سفر کے کرایوں میں اضافہ ہوا ہے۔ چین میں دنیا کے سب سے بڑے ہائی اسپیڈ نیٹ ورکس موجود ہیں تاہم مسافروں کو ٹرین کے ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سی سی ٹی وی کے مطابق، جمعہ کو ہوائی جہاز کے زریعے سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد دو ملین تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ چین کے ایوی ایشن ریگولیٹر کے مطابق ہوائی جہاز کے زریعہ سفر کرنے والوں کی تعداد 80 ملین تک بڑھنے کی توقع ہے، جو 2019 کے مقابلے میں 9.8 فیصد زیادہ ہے۔
چینی شہر شنگھائی کے دو ہوائی اڈوں پر ان 40 روزہ تقریبات کے دوران مسافروں کی آمدورفت میں سالانہ 57.6 فیصد تک اضافہ ہوگا جبکہ اسی اثناء میں بیجنگ کے ہوائی اڈوں پر یہ اضافہ 60 فیصد تک متوقع ہے۔ سفر کے پیک سیزن کے دوران بیرون ملک سفر میں بھی اضافہ ہوگا۔ چینی ایوی ایشن حکام نے ڈھائی ہزار اضافی بین الاقوامی پروازوں کا بندوبست کیا ہے جو جنوب مشرقی ایشیا، جاپان اور جنوبی کوریا تک آمد و رفت کے لیے استعمال ہوں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔