ایڈیڈاس نے نازی مشابہت کے سبب 44 نمبر کی جرسی کی فروخت روک دی

ایڈیڈاس کے ترجمان اولیور برگن نے ڈی پی اے کو بتایا کہ ''ایک کمپنی کے طور پر ہم کسی بھی شکل میں غیر ملکیوں، سام دشمنی، تشدد اور نفرت کی مخالفت کرتے ہیں۔

ایڈیڈاس نے نازی مشابہت کے سبب 44 نمبر کی جرسی کی فروخت روک دی
ایڈیڈاس نے نازی مشابہت کے سبب 44 نمبر کی جرسی کی فروخت روک دی
user

Dw

جرمنی کی قومی فٹبال ٹیم کی جرسی نمبر 44 کا ڈیزائن نازی نیم فوجی تنظیم شٹزسٹافل کے لوگو سے مشابہت رکھتا ہے، جس پریہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ جرمنی کے شائقین پر نازی علامت والی 44 نمبر کی جرسی خریدنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔کھیلوں کے لیے ملبوسات بنانے والی معروف جرمن کمپنی ایڈیڈاس نے فٹ بال کے شائقین پر 44 نمبر کی اس جرسی کے خریدنے پر پابندی عائد کر دی ہے، جس پر نازی سے مشابہت والی علامت بنی ہے۔ کمپنی نے یہ فیصلہ اس وقت کیا، جب میڈیا نے اس جانب اشارہ کیا کہ مذکورہ جرسی پر بنی علامت نازی نیم فوجی تنظیم شٹزسٹافل (ایس ایس) یونٹوں کی استعمال کردہ علامت سے پوری طرح مشابہ لگتی ہے۔

ایڈیڈاس نے پیر کے روز کہا کہ نازی علامت سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے جرمنی میں جرمن قومی ٹیم کی 44 نمبر کی جرسی کی آن لائن فروخت کو روک دیا گیا ہے۔ جیسا کہ سوشل میڈیا صارفین نے اس بات کا نوٹس لیا ہے کہ مذکورہ جرسی کے لیے جو فونٹ ڈیزائن کیا گیا ہے، وہ اس ''چمکتے بولٹ'' کے نشان سے مشابہت رکھتا ہے، جس کا استعمال نازی شٹزسٹافل (ایس ایس) کیا کرتی تھی۔


جرمنی میں ایس ایس ایک نیم فوجی تنظیم تھی، جس نے نازی رہنما ایڈولف ہٹلر کے اقتدار میں آنے میں کافی مدد کی تھی۔ اسی ایس ایس تنظیم نے ہولوکاسٹ کے دوران یہودیوں کو دانستہ طور پر قتل کرنے میں بھی مدد کی تھی۔ جرمنی میں ایس ایس کی علامت کی عوامی سطح پر نمائش اور نشریات پر پابندی عائد ہے اور اس کے خلاف ورزی کی صورت میں مجرمانہ مقدمہ بھی دائر ہو سکتا ہے۔ جرمن ٹیم کی جرسی پر نمبر چار کا ڈیزائن بھی متنازعہ ہے، جس پر بنی علامت نازی ہٹلر یوتھ آرگنائزیشن کی علامت سے مشابہ ہے۔ کمپنی نے اسے بھی تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایڈیڈاس کے ترجمان اولیور برگن نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ہے کہ کمپنی کا یہ بالکل ارادہ نہیں تھا کہ اس طرح کی مماثلت ہو۔ انہوں نے کہا، ''ہم اپنے آن لائن اسٹورز میں ان جرسیوں کو ذاتی نوعیت کے بنانے کے عمل کو روک دیں گے۔''


پیر کی سہ پہر تک ایڈیڈاس آن لائن اسٹور میں اپنے نام اور نمبر کے ساتھ جرسیوں کو ذاتی بنانے کا عمل روکا جا چکا تھا۔ جرمن فٹ بال فیڈریشن (ڈی ایف بی) نے بھی اپنی آن لائن دکان سے 44 نمبر کی جرسیوں کی فراہمی روک دی۔ ایڈیڈاس نے جرسی پر ناموں اور نمبروں کے فونٹس کی ذمہ داری ڈی ایف بی اور اس کی ساتھی کمپنی الیون ٹیم اسپورٹس پر عائد کی ہے۔

ایڈیڈاس کے ترجمان اولیور برگن نے ڈی پی اے کو بتایا کہ ''ایک کمپنی کے طور پر ہم کسی بھی شکل میں غیر ملکیوں، سام دشمنی، تشدد اور نفرت کی مخالفت کرتے ہیں۔ تقسیم یا پسماندہ خیالات کو فروغ دینے کی کوئی بھی کوشش بحیثیت برانڈ ہماری اقدار کا حصہ نہیں ہے۔''


جرسی نمبر چار کے ڈیزائن کا کام جاری

اس دوران ڈی ایف بی نے جرمن میڈیا ادارے بلڈ کو بتایا ہے کہ الیون ٹیم اسپورٹس کے ساتھ مل کر جرسی نمبر چار کو دوبارہ ڈیزائن کرنے کا کام چل رہا ہے تاکہ اس کے فونٹ کو تبدیل کیا جا سکے۔ البتہ اسے بھی اس وقت جاری کیا جا سکے گا، جب یونین آف فٹ بال ایسوسی ایشنز (یو ای ایف اے) اس کی منظوری دے گی۔

فرانسزکا وُلے نے بتایا کہ جرسی نمبر 4 کے ڈیزائن کے عمل میں شامل جماعتوں نے اس وقت کوئی نازی علامت کی جانب اشارہ نہیں کیا تھا۔جرمنی کے کسی کھلاڑی نے 44 نمبر کی جرسی نہیں پہنی ہے اور 2024 کی یورپی چیمپیئن شپ کے لیے ٹیم کی شرٹس پر ایک سے 23 نمبر ہیں۔ البتہ کھلاڑیوں نے جرسی نمبر چار اور 14 کا استعمال کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔