معروف امریکی اسٹار کم کارداشیان کی اپنے تیسرے شوہر سے علیحدگی کی تیاری

مشہور امریکی سوشلائٹ کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کی شادی اپنے منطقی انجام پر پہنچنے کے قریب ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق کم کارداشیان نے اپنے موجودہ شوہر سے طلاق حاصل کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

Dw

ایسا تاثر گزشتہ چند ماہ سے میڈیا اور مختلف حلقوں میں پایا جاتا تھا کہ معروف ریالٹی ٹی وی اسٹار کم کارداشیان اور ان کے ریپر گلوکار شوہر کانیا ویسٹ کسی بھی وقت علیحدگی اختیار کر لیں گے اور ان کے درمیان ممکنہ طلاق کی افواہیں گردش میں تھیں۔

ان تمام افواہوں کو اب حقیقت کا روپ مل گیا ہے کیونکہ جمعہ انیس فروری کو کم کارداشیان نے لاس اینجلس کی ایک عدالت میں کانیا ویسٹ سے طلاق حاصل کرنے کی درخواست جمع کروا دی ہے۔


ایک مشہور جوڑا

کم کارداشیان اور کانیا ویسٹ کو امریکی گلیمر ورلڈ کا ایک معروف جوڑا قرار دیا جاتا ہے۔ ان کی شادی گزشتہ ساڑھے چھ برس سے اچھی خاصی چل رہی تھی لیکن اندرونی اختلافات اور شخصیت کی چپقلش نے اس رشتے کو خطرات میں ڈال دیا۔


کارداشیان فیملی سے تعلق رکھنے والی کمبرلی عرف کِم کا تعلق فیشن کی دنیا سے جوڑا جاتا ہے۔ دوسری جانب کانیا ویسٹ ایک معروف ہِپ ہوپ ریپر اینٹرٹینر ہیں۔ ان کو گریمی ایوارڈز کی نامزدگی بھی حاصل ہو چکی ہے۔ ایسا بھی تاثر پایا جاتا ہے کہ کانیا ویسٹ کے فن اور شہرت کو زوال کا سامنا ہے۔

رومانس اور شادی


ان دونوں کے درمیان رومانوی تعلق سن 2012 میں استوار ہوا تھا اور پہلا بچہ اسی پارٹنر شپ میں سن 2013 میں پیدا ہوا۔ ان دونوں کی انتہائی پروقار شادی اور تقریب چوبیس مئی سن 2014 کو مشہور تاریخی اطالوی شہر فلورینس میں منعقد ہوئی تھی۔

ان ساڑھے چھ برسوں میں اس جوڑے کے چار بچے پیدا ہوئے۔ اب طلاق کا عدالتی عمل مکمل ہونے کے بعد بچوں کے مستقبل کا بھی تعین کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان کی وسیع دولت کی تقسیم بھی ہو گی۔ مختلف میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طلاق سے کم کارداشیان کو مزید شہرت حاصل ہو گی۔


شادی کے ختم ہونے کی افواہیں

کارداشیان کی تیسری شادی کے ختم ہونے کی پہلی مرتبہ افواہیں گزشتہ برس ستمبر میں سامنے آنا شروع ہوئی تھیں۔ ان افواہوں کی شدت کے ساتھ تردید بھی کی گئی لیکن بعض رپورٹرز کا اصرار تھا کہ طلاق اب نوشتہٴ دیوار ہے اور یہ خاندان والوں کے ساتھ ساتھ قریبی حلقے بھی جانتے ہیں کہ کانیا ویسٹ اور کِم اسے محفوظ رکھنے کی بھرپور کوشش میں ہیں۔


بعض سوشل مبصرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پچھلے سال کارداشیان فیملی کے اسی نام کے ٹیلی وژن پروگرام کو چودہ برس بعد ختم کرنے کی ایک بنیادی وجہ بھی اس جوڑے میں پایا جانے والا بے چین ماحول تھا۔

ایک اور طلاق


تینتالیس برس کے کانیا ویسٹ کی یہ اولین شادی ہے جب کہ کارداشیان کی تیسری شادی تھی۔ یہ ایک اہم امر ہے کہ اس شادی کے جلد ختم ہونے کی پشین گوئی تو ابتدائی ایام میں ہی کر دی گئی تھی لیکن ایسے تمام اندازوں کو اس وقت ناکامی کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ یہ شادی کامیانی کے ساتھ چھ برس سے زیادہ قائم رہی۔

کارداشیان کی ایک شادی باسکٹ بال کھلاڑی کرس ہمفریز کے ساتھ سن 2011 میں ہوئی اور یہ صرف تین ماہ کے بعد طلاق کی صورت میں ختم ہو گئی۔ اس پس منظر کے تناظر میں خیال کیا گیا تھا کہ کانیا کے ساتھ شادی بھی جلد ختم ہو سکتی ہے۔ خیر اب ایسے تمام اندازے درست ہو گئے ہیں۔


کارداشیان کی پہلی شادی انیس برس کی عمر سن 2000 میں ہوئی تھی اور وہ بھی چار سال سے زیادہ نہیں چل سکی تھی۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کارداشیان کی تیسری شادی کے ختم ہونے کی ایک وجہ کانیا ویسٹ کی متلون المزاجی ہے۔ سماجی ماہرین اسے ہی سب سے بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔