ڈاونچی کے پورٹریٹ کی صدیوں پرانی مسروقہ کاپی کی اچانک دریافت

عظیم اطالوی مصور لیونارڈو ڈاونچی کی ایک شاہکار پینٹنگ کی پانچ سو سال پرانی مسروقہ کاپی اچانک مل گئی ہے۔

ڈاونچی کے پورٹریٹ کی صدیوں پرانی مسروقہ کاپی کی اچانک دریافت
ڈاونچی کے پورٹریٹ کی صدیوں پرانی مسروقہ کاپی کی اچانک دریافت
user

ڈی. ڈبلیو

اطالوی دارالحکومت روم سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ پینٹنگ یسوع مسیح کا ایک ایسا پورٹریٹ ہے، جو پہلی بار بنایا تو ڈاونچی نے خود تھا لیکن جو پینٹنگ چوری ہوئی تھی وہ اس پورٹریٹ کی ایسی ہوبہو نقل تھی، جو ڈاونچی کے ایک شاگرد جیاکومو آلیبرانڈی نے بنائی تھی۔

میوزیم وبا کی وجہ سے کئی مہینوں سے بند


اطالوی شہر نیپلز کا جو عجائب گھر اس پورٹریٹ کا مالک ہے، اسے علم ہی نہیں تھا کہ یہ شاہکار چوری ہو چکا تھا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ یہ عجائب گھر اٹلی میں بہت سے دیگر عجائب گھروں کی طرح کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کئی مہینوں سے بند ہے۔

نیپلز پولیس نے بتایا کہ یہ پینٹنگ اس اطالوی شہر کے تقریباﹰ مضافات میں ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ نیپلز ہی میں اس پینٹنگ کے مالک سان ڈومینیکو ماگیئورے میوزیم نے بتایا کہ مصوری کا یہ شاہکار گزشتہ برس کورونا وائرس کی وبا شروع ہونے کے بعد اس وبائی مرض کی پہلی لہر کے اختتام تک اس میوزیم میں اپنی جگہ موجود تھا۔


سولہویں صدی میں بنایا گیا شاہکار

گزشتہ برس موسم خزاں میں جب اٹلی میں اس وبا کی دوسری لہر شروع ہوئی، تو نیپلز کا یہ عجائب گھر دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔ ایسا خزاں میں اس میوزیم کی بندش کے بعد ہی کسی وقت ہوا کہ یہ پورٹریٹ اس عجائب گھر سے چوری کر لیا گیا تھا، جس کا اس میوزیم کی انتظامیہ کو اس مسروقہ شاہکار کی دریافت تک علم ہی نہیں تھا۔


میوزیم کی انتظامیہ کے مطابق ڈاونچی کی بنائی ہوئی یسوع مسیح کی ایک پینٹنگ کی ہو بہو نقل کے طور پر یہ پورٹریٹ ڈاونچی کے ایک معروف شاگرد جیاکومو آلیبرانڈی نے 16 ویں صدی عیسوی میں بنایا تھا۔

فلیٹ کا مالک گرفتار


نیپلز کی پولیس کے مطابق یہ شاہکار پینٹنگ ایک خفیہ اطلاع ملنے پر اس جنوبی اطالوی شہر کے مضافات میں ایک فلیٹ پر اچانک مارے گئے چھاپے کے دوران برآمد کی گئی۔ یہ پینٹنگ اس فلیٹ کی خواب گاہ میں ایک الماری میں چھپا کر رکھی گئی تھی۔ اس فلیٹ کے 36 سالہ مالک کو پولیس نے مسروقہ قیمتی نوادرات خریدنے یا کسی سے لے کر اپنے قبضے میں رکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔

نیپلز کے اسٹیٹ پراسیکیوٹر جیوانی میلیلو نے بتایا، ''اس تاریخی لیکن چوری شدہ پورٹریٹ کی برآمدگی ایک بہت ہی پیچیدہ آپریشن تھا، خاص طور پر یہ طے کرنا کہ یہ پورٹریٹ شہر میں کہاں چھپایا گیا تھا۔‘‘


'دنیا کا مسیحا‘

جیوانی میلیلو نے صحافیوں کو بتایا، ''اس پینٹنگ کا مالک عجائب گھر ایک کلیسائی میوزیم ہے اور اسے مصوری کے اس تاریخی شاہکار کی چوری کا اس لیے علم نا ہو سکا تھا کہ جس کمرے میں یہ پینٹنگ رکھی گئی تھی، اسے گزشتہ تین ماہ کے دوران کھولا ہی نہیں گیا تھا۔‘‘


جیاکومو آلیبرانڈی کا بنایا ہوا یسوع مسیح کا یہ پورٹریٹ لیونارڈو ڈاونچی کے بنائے ہوئے اس پورٹریٹ کی ہو بہو نقل ہے، جسے 'سالواتور مُنڈی‘ یا 'دنیا کا مسیحا‘ کا عنوان دیا گیا تھا۔ یہ پورٹریٹ ڈاونچی کی جس پینٹنگ کی کاپی ہے، وہ 2017ء میں نیو یارک میں 450 ملین ڈالر یا 370 ملین یورو کے قیمت پر نیلام ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔