بالی وڈ اداکارہ سلینا جیٹلی اور پاکستانی صحافی میں جھگڑا کس بات پر؟
معروف اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے بارے میں 'توہین آمیز باتیں پھیلانے' پر ایک پاکستانی صحافی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا ہے۔
بالی وڈ کی معروف اداکارہ سلینا جیٹلی نے مبینہ طور پر اپنے خلاف توہین آمیز باتوں کی تشہیر کرنے پر پاکستان کے ایک صحافی عمیر سندھو کے خلاف شکایت درج کروائی تھی اور امیدظاہر کی ہے کہ صحافی کے خلاف پاکستان میں کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پاکستانی صحافی عمیر سندھو اپنے آپ کو 'جنوبی ایشیائی فلموں کا نقاد' بتاتے ہیں اور فلموں پر مضامین لکھتے رہتے ہیں۔ گزشتہ اپریل میں اداکارہ سلینا جیٹلی سے متعلق ان کی ایک متنازعہ ٹویٹ کافی وائرل ہوئی تھی۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے کے ساتھ خصوصی انٹرویو کے دوران سلینا جیٹلی نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ پاکستان میں قوانین کیا ہیں تاہم، ''مجھے یقین ہے کہ سائبر بلنگ نیز زیادتی اور کردار کشی کے خلاف خواتین کے تحفظ کے قوانین اب سخت ہیں اور پاکستانی ہائی کمیشن ایسے جرائم کے خلاف اپنے ملک کے قوانین کے مطابق کارروائی کرے گا۔''
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بھارتی وزارت خارجہ کی ممنون ہیں کہ اس نے اس معاملے میں پورا تعاون کیا۔ تاہم ''ہمیں یہ سمجھنے کی بھی ضرورت ہے کہ اس عمل میں ایک خاص پروٹوکول بھی ہے اور اس کی ذریعے میری شکایت کو مناسب عمل سے گزرنے کی توقع ہے۔''
معاملہ کیا ہے؟
اداکارہ سلینا جیٹلی کا کہنا ہے کہ چند ماہ قبل فلمی نقاد اور صحافی عمیر سندھو نے ان سے متعلق ''تضحیک آمیز بیانات شیئر'' کیے تھے۔ اپنی پوسٹ میں عمیر سندھ نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ سلینا جیٹلی، ''باپ (فیروز خان) اور بیٹے (فردین خان) دونوں کے ساتھ کئی بار سوچکی ہیں۔'' اس مذکورہ ٹویٹ کے بعد اداکارہ کو آن لائن غنڈہ گردی اور بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا اور پھر اداکارہ نے اس کے خلاف بھارتی ادارے نیشنل کمیشن آف وومن (این سی ڈبلیو) میں شکایت درج کرائی تھی۔
بھارتی خواتین کے کمیشن نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا اور پاکستانی صحافی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس پر وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا اور یقین دلایا کہ اس معاملے پر پاکستان کے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔ اس کیس میں مزید پیش رفت پر ابھی تک کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔
سلینا جیٹلی کے الزامات کیا ہیں؟
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اپریل میں جب اچانک انہوں نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ کھولا تو دیکھا کہ ان سے متعلق صحافی کا ایک ٹویٹ وائرل ہو چکا ہے۔ ''مجھے سینکڑوں لوگوں نے ٹیگ کیا، جو میری توجہ عمیر سندھو کے عجیب و غریب دعووں کی طرف کر رہے تھے... جو بات میں سمجھ نہیں سکی وہ یہ تھی کہ کوئی ایسا مواد کیسے تخلیق کر سکتا ہے جو محض آن لائن تشدد پر اکسانے کے ساتھ ہی ذاتی فائدے کے لیے ہو۔''
اداکارہ کا کہنا ہے صحافی نے میری زندگی سے متعلق عجیب و غریب دعوے کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ''میں زبانی تشدد، تذلیل اور بہت سی سرخیوں کا شکار رہی ہوں، میرے بارے میں اس شخص کے محض توہین آمیز مواد کی بدولت ایسا ہوا۔''
انڈیا ٹوڈے نامی ادارے کے ساتھ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ادارکاہ نے کہا، ''یہ خود ساختہ فلمی نقاد دراصل پاکستان میں ہیں، لیکن کچھ دن بعد اپنا مقام بدل دیتے ہیں۔ دنیا کے تقریباً ہر حصے سے اپنا مقام تبدیل کرتے ہیں... حماقت کی انتہا یہ ہے کہ کچھ انتہائی معتبر بھارتی ذرائع ابلاغ بھی ایک پاکستانی جعل ساز کی طرف سے پھیلائے گئے جھوٹ پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔''
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔