زمبابوے نے ون ڈے میں پاکستان کو 80 رن سے دی شکست
بارش سے متاثر میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔اس جیت سے زمبابوے کے کھلاڑیوں میں حوصلہ بڑھ جائے گا۔
رچرڈ انگروا (48) سکندر رضا کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت زمبابوے نے اتوار کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو بارش سے متاثرہ میچ میں 80 رن سے شکست دی۔ سکندر رضا کو بہترین کارکردگی پر ’پلیئر آف دی میچ‘ سے نوازا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی زمبابوے نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
دو سو چھ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات خراب رہی اور اس نے تیسرے اوور میں عبداللہ شفیق (ایک) کا وکٹ گنوادیا۔ صائم ایوب (11) آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں بلے بازوں کو بلیسنگ مزارابانی نے آؤٹ کیا۔ کامران غلام (17) اور عرفان خان (7) کو شان ولیمز نے اپنا شکار بنایا۔ آغا سلمان (چار) اور حسیب اللہ خان (0) کو سکندر رضا نے آؤٹ کیا۔ بارش متاثرہ کھیل روکے جانے کے وقت پاکستان نے 21 اوورز میں چھ وکٹوں پر 60 رن بنالئے تھے اور محمد رضوان (19 ناٹ آؤٹ) اور عامر جمال (0) کریز پر موجود تھے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا اور زمبابوے کو ڈک ورتھ لوئس ضابطےکی بنیاد پر 80 رن سے فاتح قرار دیا گیا۔
زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے تین اوورز میں سات رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ شان ولیمز نے چھ اوورز میں 12 رن کے عوض دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ بلیسنگ مزارابانی نے پانچ اوورز میں نو رن دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی اوپننگ جوڑی جوئے لارڈ گیمبی اور تاڑیوناشے مارومانی جو بیٹنگ کے لیے آئے تھے نے پہلے وکٹ کے لیے 40 رن جوڑے۔ شفیق نے جوے لارڈ گیمبی (15) کو رن آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد پاکستانی بالرز نے زمبابوے کے کسی بھی کھلاڑی کو زیادہ دیر تک پچ پر رہنے نہیں دیا۔ آغا سلمان اور فیصل اکرم نے تین تین وکٹ حاصل کئے اور زمبابوے کی پوری ٹیم کو 40.2 اوورز میں 205 رنزپر ڈھیر کردیا۔ رچرڈ انگروا (48)، سکندر رضا (39)، تاڑیوناشے مارومانی (29)، شان ولیمز (23) اور برائن بینیٹ (20) رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ پانچ بلے باز ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے۔ پاکستان کی جانب سے آغا سلمان اور فیصل اکرم نے تین تین وکٹ حاصل کئے۔ عامر جمال، محمد حسنین اور حارث رؤف نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔