یوراج سنگھ نے تلنگانہ کے نظام آباد سرکاری اسپتال کے لئے 120 آئی سی یو بستروں اور طبی آلات کا عطیہ دیا

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یوراج سنگھ نے اپنے یووی کین فاونڈیشن کے ذریعہ تلنگانہ کے نظام آباد اسپتال کو 120 آئی سی یو بستر، آکسیجن سلنڈرس اور دیگر طبی آلات کا عطیہ پیش کیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی یوراج سنگھ کی مدد سے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے سرکاری اسپتال کی نئی صورت گری ہوئی ہے جنہوں نے اپنے یووی کین فاونڈیشن کے ذریعہ 120 آئی سی یو بستر، آکسیجن سلنڈرس اور دیگر طبی آلات کا عطیہ دیا ہے۔

کورونا کی لہر کے دوران بستروں کی کمی سے مریضوں کو ہونے والی دشواریوں کے پیش نظر سابق کرکٹر نے یہ عطیہ دیا ہے۔ کووڈ کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران نظام آباد کے اس سرکاری اسپتال میں بڑے پیمانہ پر غریب مریضوں کا علاج کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی پڑوسی ریاست مہاراشٹرسے بھی بڑے پیمانہ پر آنے والے کورونا کے مریضوں کا علاج بھی اس اسپتال میں کیا گیا۔ خیال رہے کہ نظام آباد، مہاراشٹر کی سرحد کے قریب ہے۔


اس اسپتال میں 74 آئی سی یو بستر، 72 ونٹی لیٹرس موجود ہیں۔ اس فاونڈیشن کی جانب سے 120 آئی سی یوبستر فراہم کئے جانے پر بستروں کی تعداد بڑھ کر 194 تک جا پہنچی۔ ان میں 18 ونٹی لیٹرس والے بستر ہیں۔ فاونڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ 120 بستروں میں سے 40 بستر بچوں کے لئے ہیں۔

اسپتال کی سپرنٹنڈنٹ پراتیماراج نے کہا کہ نظام آباد کے اس اسپتال کا انتخاب کرتے ہوئے فاونڈیشن نے یہ عطیہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن کونسل کویتا کے تال میل پر اس فاونڈیشن کی جانب سے یہ عطیہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اس فاونڈیشن کی جانب سے کیا جانے والا یہ بڑا پراجیکٹ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔