یوسف پٹھان کا ہندستانی کرکٹ بورڈ سے اظہار ممنونیت
آل راؤنڈر یوسف پٹھان نے ڈوپ ٹیسٹ میں پازیٹو پائے جانے کے بعد غیر جانبدارانہ جانچ اور اور اپنا موقف رکھنے کا موقع دینے کے لئے ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا شکریہ ادا کیا ہے۔
35سالہ کرکٹر نے منگل کو ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ مجھے گزشتہ سال 27 اکتوبر كو بی سی سی آئی کی جانب سے ایک خط ملا تھا جس میں یہ لکھا تھا کہ ممنوعہ ٹربيوٹیلان نامی مادہ کی کافی مقدار کے لئے میں ڈوپ ٹیسٹ میں فیل ہو گیا ہوں۔ یہ ممنوعہ اشیاء میرے شربت میں پایا گیا تھا جو کہ میں نے کھانسی کے لئے لیا تھا۔
آل راؤنڈر نے کہاکہ مجھے پہلے دن سے ہی اللہ پر یقین تھا کہ میں بین الاقوامی سطح پر بے قصور ثابت ہوں گا۔ میں نے ہمیشہ سے منصفانہ اور شفاف طریقے سے اپنا کھیل کھیلا ہے۔ ہندستان اور بڑودہ کے لئے میں نے کئی میچ کھیلے ہیں، اس سے میرا فخر بڑھا ہے اور میں ایسا کچھ نہیں کروں گا جس سے میرے ملک کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔ میں ایک بار پھر سے بی سی سی آئی، بڑودہ کرکٹ اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بی سی سی آئی کا خاص طور پر شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اس معاملے میں مجھے اپنا موقف رکھنے کا موقع دیا۔ اس کے علاوہ میں اپنے کوچ، اسپورٹ اسٹاف، خاندان اور اپنے وکیل کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے معاملے میں مضبوطی سے اپنا موقف رکھا۔
واضح رہے، ہندوستانی آل راؤنڈر یوسف پٹھان کو گزشتہ سیزن کے گھریلو میچ کے دوران ڈوپ ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا تھا جس کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے انہیں پچھلی تاریخ 15 اگست 2017 سے معطل کر دیا، ان کی معطلی 14 جنوری 2018 کی آدھی رات کو ختم ہو جائے گی۔
یوسف کی معطلی 14 جنوری کی آدھی رات کو ختم ہو جانے کی وجہ سے اب وہ 27 اور 28 جنوری کو ہونے والی آئی پی ایل 11 کے کھلاڑیوں کی نیلامی کے لئے دستیاب ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے یوسف کے پانچ ماہ کی معطلی کے لیے بورڈ کے کچھ دوسرے قوانین اور مختلف حالات پر غور کرنے کے بعد 15 اگست 2017 سے شروع کیا جو 14 جنوری 2018 کو ختم ہو جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔