ٹینٹ میں سونے والے یشسوی جیسوال نے ممبئی میں خریدار شاندار فلیٹ، پورا کنبہ نئے گھر میں منتقل
یشسوی جیسوال کے بھائی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یشسوی کی ہمیشہ ایک خواہش تھی کہ اپنا خود کا گھر ہوتا، اس کے لیے یشسوی نے سخت محنت کی ہے۔
ہندوستان نے ڈومنیکا کے وِنڈسر پارک میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ایک اننگ اور 141 رن سے شکست دے دی۔ یشسوی جیسوال کا ڈیبیو میچ ان کے لیے کافی یادگار رہا۔ 21 سال کے یشسوی جیسوال نے ڈومنیکا کے وِنڈسر پارک میں کھیلے گئے اس میچ میں 171 رنوں کی اننگ کھیلی۔ یشسوی کو اس شاندار اننگ کے لیے پلیئر آف دی میچ بھی منتخب کیا گیا۔ یشسوی ڈیبیو ٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے آٹھویں ہندوستانی کھلاڑی بنے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی اس شاندار شروعات کے بعد یشسوی جیسوال نے اپنے کنبہ کو ممبئی میں ایک شاندار نیا گھر گفٹ کیا ہے۔ جیسوال فی الحال ممبئی میں 2 بی ایچ کے فلیٹ میں اپنے کنبہ کے ساتھ رہتے تھے۔ اب ممبئی میں ایک 5 بی ایچ کے فلیٹ خریدا ہے جو بہت ہی شاندار ہے۔
یشسوی جیسوال کے بھائی نے ’انڈین ایکسپریس‘ کو دیے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ بار بار ہمیں کہہ رہے تھے کہ پلیز (نئے گھر میں) جلدی شفٹ ہو جاؤ۔ میں اس گھر میں نہیں رہنا چاہتا۔ ٹیسٹ میچ کے دوران بھی وہ ہم سے شفٹنگ کے منصوبے کے بارے میں پوچھتے تھے۔ پوری زندگی ان کی ایک ہی تمنا تھی کہ خود کا گھر ہو۔ آپ کو پتہ ہے کہ وہ کیسے اور کہاں سے آئے ہیں۔ وہ سر پر چھت ہونے کی اہمیت سمجھتے ہیں، خاص طور سے ممبئی جیسے شہر میں۔
اس دوران ان کے بھائی نے کہا کہ 21 سالہ اس کھلاڑی کے لیے یہ ایک نئی شروعات ہے۔ وہ ٹینٹ میں سوتا تھا، پانی پوری بیچتا تھا، آئی پی ایل کھیل دیکھنے کے لیے پیڑ پر چڑھ جاتا تھا۔ یشسوی کے والد اس وقت اپنے بیٹے کی کامیابی کے لیے دعا کرنے کانوڑ یاترا پر گئے ہوئے ہیں۔ ان کے بھائی نے بتایا کہ ’’وہ (یشسوی) طویل مدت سے اس کے لیے سخت محنت کر رہے تھے۔ میرے والد کانوڑ یاترا پر گئے ہیں اور ہ یشسوی کے لیے لگاتار دعا کر رہے تھے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔