ڈبلیو پی ایل: پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بنی ممبئی انڈینز وومن، گجرات جائنٹس وومن کو 55 رنوں سے دی شکست
وومنس پریمیر لیگ کے پہلے سیزن میں ممبئی انڈینز وومن کی ٹیم نے لاجواب کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا ہے اور اپنے سبھی پانچ میچ جیت کر پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کا سہرا اپنے سر باندھ لیا ہے۔
وومنس پریمیر لیگ یعنی ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن میں ممبئی انڈینز وومن کا دھماکہ دار مظاہرہ جاری ہے۔ لگاتار پانچویں میچ میں اس ٹیم نے جیت حاصل کر لی ہے اور اس کے ساتھ ہی ہرمن پریت کور کی کپتانی والی یہ ٹیم پلے آف میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔ اپنے پانچویں مقابلے میں منگل کے روز ممبئی کی ٹیم نے گجرات جائنٹس وومن کو 55 رنوں سے شکست فاش دی۔
آج کھیلے گئے میچ میں ممبئی کی کپتان ہرمن پریت کا بلہ ایک بار پھر خوب تیزی کے ساتھ چلا۔ ان کی طوفانی نصف سنچری میں گجرات کی پوری ٹیم اڑ گئی۔ میچ میں ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ممبئی کی ٹیم نے 8 وکٹ پر 162 رن بنائے تھے۔ ممبئی کی ٹیم کے لیے کپتان ہرمن پریت نے 30 گیندوں میں 51 رن بنائے۔ اس دوران انھوں نے دو چھکے اور سات چوکے لگائے۔ کپتان کے علاوہ یاستیکا بھاٹیا نے 44 اور نیٹ شیور برنٹ نے 36 رنوں کی اننگ کھیلی۔ گجرات کی طرف سے ایشلے گارڈنر نے سب سے زیادہ تین وکٹ حاصل کیے۔
گجرات جب 163 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو مقررہ 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر محض 107 رن ہی بنا سکی۔ اس طرح ممبئی کو 55 رنوں سے جیت حاصل ہوئی۔ گجرات کے لیے ہرلین دیول نے سب سے زیادہ 22 رن اسکور کیے۔ کپتان سنیہا رانا نے 20 رنوں کا تعاون کیا۔ ممبئی کی طرف سے گیندبازی میں نیٹ شیور برنٹ اور ہیلی میتھیوز کا جلوہ دیکھنے کو ملا۔ دونوں ہی گیندبازوں نے تین تین وکٹ اپنے نام کیے۔ امیلیا کیر نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔