ڈبلیو پی ایل: گجرات جائنٹس وومن کو ملی پہلی فتح، رائل چیلنجرس بنگلور وومن کو لگاتار تیسری شکست کا سامنا
دلچسپ مقابلے میں گجرات جائنٹس نے رائل چیلنجرس بنگلور کو 11 رنوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح کا مزہ چکھا۔
ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن کا آج چھٹا مقابلہ گجرات جائنٹس وومن اور رائل چیلنجرس بنگلور وومن کے درمیان برابورن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ دونوں ہی ٹیمیں اپنی شروعاتی دو میچز ہار چکی تھیں اس لیے آج کا مقابلہ کافی اہم تھا۔ اس دلچسپ مقابلے میں گجرات جائنٹس نے رائل چیلنجرس بنگلور کو 11 رنوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح کا مزہ چکھا۔ بنگلور کی ٹیم نے لگاتار تیسری شکست کے ساتھ ڈبلیو پی ایل کے پہلے سیزن میں اپنے چاہنے والوں کو بری طرح مایوس کر دیا۔
آج کے مقابلے میں گجرات جائنٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ سلامی بلے باز میگھنا تو محض 8 رن بنا کر جلدی آؤٹ ہو گئیں، لیکن صوفیا ڈنکلے (28 گیندوں پر 65 رن) اور ہرلین دیول (45 گیندوں پر 67 رن) نے تیزی کے ساتھ رن بٹورتے ہوئے 8 اوور میں ٹیم کا اسکور 82 رن تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر صوفیا آؤٹ ہو گئیں۔ پھر ایشلے گارڈنر (19 رن)، ہیم لتا (16 رن) اور انابیل سدرلینڈ (14 رن) نے چھوٹی لیکن اہم پاریاں کھیلیں۔ گجرات جائنٹس نے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 201 رن بنا لیے۔ بنگلور کی طرف سے شرینکا پاٹل اور ہیتھر نائٹ نے 2-2 وکٹ، جبکہ میگن شُٹ اور رینوکا سنگھ نے 1-1 وکٹ لیے۔
202 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری بنگلور وومن ٹیم کو پہلا جھٹکا کپتان اسمرتی مندھانا کی شکل میں 54 رن کے اسکور پر لگا جب انھیں گارڈنر نے جوشی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ مندھانا نے 18 رنوں کا تعاون پیش کیا۔ اس کے بعد ایلس پیری نے صوفی ڈیوائن کے ساتھ مل کر تیزی سے رن بنانا شروع کیا۔ پھر ایلس پیری 25 گیندوں پر 32 رن بنا کر جوشی کا شکار ہو گئیں۔ رِچا گھوش محض 10 رنوں کا تعاون دے سکیں، جبکہ صوفی ڈیوائن محض 45 گیندوں پر 66 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 16.2 اوورس میں 4 وکٹ کے نقصان پر 141 رن تھا۔ یعنی میچ ایک دلچسپ موڑ پر کھڑا ہوا تھا۔ اس کے بعد ہیتھر نائٹ نے طوفانی بلے بازی شروع کر دی جس نے گجرات جائنٹس کی جان حلق میں لا دی۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا جیسے بنگلور وومن کی ٹیم جیت جائے گی، لیکن آخر میں 11 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہیتھر نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 30 رنوں کی اننگ کھیلی۔ مقررہ 20 اوور میں مندھانا کی ٹیم 6 وکٹ کے نقصان پر 190 رن ہی بنا سکی۔ گجرات کی طرف سے 3 وکٹ گارڈنر، 2 وکٹ انابیل سدرلینڈ اور ایک وکٹ مانسی جوشی لینے میں کامیاب رہی۔ پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ گجرات جائنٹس وومن کی صوفیا ڈنکلے کو ان کی طوفانی 65 رنوں کی اننگ کے لیے دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔