راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا عالمی کپ 2023، آئیے جانتے ہیں کیسے کنفرم ہوگی سیمی فائنل کی سیٹ!

ہندوستان کا پہلا مقابلہ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہے، اور پھر اسے 11 اکتوبر، 15 اکتوبر، 19 اکتوبر، 22 اکتوبر، 29 اکتوبر، 2 نومبر، 5 نومبر اور 11 نومبر کو میچ کھیلنے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>عالمی کپ 2023، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

عالمی کپ 2023، تصویر آئی اے این ایس

user

تنویر

وَنڈے کرکٹ عالمی کپ اس مرتبہ ہندوستان میں 5 اکتوبر سے کھیلا جائے گا۔ اس کے لیے آج شیڈیول جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری شیڈیول کے مطابق ایک بار پھر عالمی کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل دو مرتبہ ہی وَنڈے کرکٹ ورلڈ کپ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا۔ وَنڈے عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 1992 میں میچوں کا انعاد اس فارمیٹ میں کیا گیا تھا، اور دوسری بار 2019 میں اس فارمیٹ کو اختیار کیا گیا تھا۔

دراصل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں سبھی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میچ کھیلتی ہیں، اور پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست رہنے والی چار ٹیمیں سیمی فائنل کا ٹکٹ کنفرم کرتی ہیں۔ اس مرتبہ چونکہ 10 ٹیمیں عالمی کپ میں حصہ لے رہی ہیں، اس لیے سبھی ٹیموں کو 9-9 میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پہلا مقابلہ 5 اکتوبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت آخری میچ 12 نومبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد جو 4 ٹیمیں سرفہرست ہوں گی، انھیں سیمی فائنل کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پوائنٹس ٹیبل میں نمبر 1 مقام پر رہنے والی ٹیم کا مقابلہ نمبر 4 پر رہنے والی ٹیم سے ہوگا، جبکہ نمبر 2 مقام پر رہنے والی ٹیم کا مقابلہ نمبر 3 پر رہنے والی ٹیم سے ہوگا۔ دونوں سیمی فائنل میچوں میں جیت حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی جو کہ 19 نومبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ یعنی عالمی کپ 2023 کا افتتاح اور اختتام دونوں ایک ہی میدان پر ہوگا۔


جہاں تک راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی کا سوال ہے، تو یہ بہت اچھا نہیں کہا جا سکتا۔ ایسا اس لیے کیونکہ 1992 میں جب پہلی مرتبہ وَنڈے عالمی کپ میں اس فارمیٹ کو اختیار کیا گیا تھا تو ہندوستان ٹاپ-4 میں اپنی جگہ نہیں بنا سکا تھا۔ یعنی پہلے ہی راؤنڈ میں ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو گئی تھی۔ دوسری بار جب 2019 میں اس فارمیٹ کے مطابق میچ کھیلے گئے تو ہندوستان نے سیمی فائنل تک کا سفر کیا۔ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دے دی تھی جس سے عالمی کپ جیتنے کا خواب ایک قدم پہلے ہی ٹوٹ گیا تھا۔

بہرحال، اس مرتبہ ہندوستانی ٹیم پوری طاقت کے ساتھ راؤنڈ رابن فارمیٹ میں عالمی کپ جیتنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ہندوستان کا پہلا مقابلہ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا سے ہے، اور پھر اسے 11 اکتوبر، 15 اکتوبر، 19 اکتوبر، 22 اکتوبر، 29 اکتوبر، 2 نومبر، 5 نومبر اور 11 نومبر کو میچ کھیلنے ہیں۔ پاکستان سے ہندوستانی ٹیم کا سامنا 15 اکتوبر کو ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔