عالمی کپ 2023: نیوزی لینڈ کے خلاف میچ نہیں کھیلیں گے زخمی ہاردک پانڈیا!

بنگلہ دیش کے خلاف گیندبازی کے دوران زخمی ہوئے ہندوستانی کھلاڑی ہاردک پانڈیا 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والا میچ نہیں کھیل پائیں گے، ہندوستانی پلیئنگ الیون میں محمد سمیع کو موقع مل سکتا ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

عالمی کپ 2023 میں ہندوستان اب تک ناقابل شکست رہی ہے اور پوری ٹیم متحد ہو کر مہمان ٹیموں کو چیلنج پیش کر رہی ہے۔ اس درمیان ہندوستانی ٹیم کے لیے بری خبر یہ سامنے آئی ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوئے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا 22 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف دھرمشالہ میں ہونے والا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ بی سی سی آئی نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا کو پونے کے مہاراشٹر کرکٹ ایسو سی ایشن اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف ہندوستان کے میچ کے دوران اپنی ہی گیندبازی پر فیلڈنگ کرتے وقت بائیں ٹخنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ آل راؤنڈر کو اسکین کے لیے لے جایا گیا اور انھیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ہاردک پانڈیا میڈیکل ٹیم کی لگاتار نگرانی میں رہیں گے۔ وہ 20 اکتوبر کو ٹیم کے ساتھ دھرمشالہ کے لیے پرواز نہیں بھریں گے اور اب سیدھے لکھنو میں ٹیم سے جڑیں گے جہاں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاردک کو بنگلورو لے جایا جائے گا کیونکہ انھیں این سی اے میں رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ وہاں انگلینڈ کے ماہر ڈاکٹر ان کا علاج کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ انھیں انجکشن دیا جائے گا تاکہ فوری صحت یاب ہو سکیں۔


نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں ہاردک پانڈیا کے موجود نہ ہونے کی صورت میں ہندوستانی ٹیم کو اب پلیئنگ الیون کے بارے میں سوچنا پڑے گا۔ ہاردک ایک بہترین آل راؤنڈر تھے جو ٹیم میں بہترین توازن دیتے تھے۔ 15 رکنی ہندوستانی اسکواڈ میں ہاردک کا کوئی متبادل نہیں ہے، اس لیے اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ پلیئنگ الیون میں محمد سمیع کی واپسی ہو سکتی ہے۔ دراصل دھرمشالہ میں تیز گیندبازوں کو مدد مل سکتی ہے۔ ایسے میں شاردل ٹھاکر کی جگہ محمد سمیع کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے اور ہاردک پانڈیا کی جگہ ایک ماہر بلے باز سوریہ کمار یادو یا ایشان کشن کو موقع مل سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔