خواتین کا ٹی-20 عالمی کپ: سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ٹوٹا ہندوستان کا خواب

کپتان ہرمن پریت کی نصف سنچری اور جمیما روڈریگس کی دھماکہ خیز اننگز کے باوجو ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 5 رن سے شکست ہوئی اور اس کا ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر /@BCCIWomen</p></div>

تصویر ٹوئٹر /@BCCIWomen

user

یو این آئی

کیپ ٹاؤن: کپتان ہرمن پریت کور (52) کی نصف سنچری اور جمیما روڈریگس (43) کی دھماکہ خیز اننگز کے باوجو آسٹریلیا نے خواتین کے ٹی-20 ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 5 رن سے شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ٹورنامنٹ جیتنے کا اسکا خواب توڑ دیا۔

گزشتہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دینے والی آسٹریلیا نے بیتھ مونی (54) اور مگ لیننگ (49) کی اننگز کی بدولت ہندوستان کے سامنے 173 رن کا ہدف رکھا۔ ہرمن پریت-جمیما کی کوششوں کے باوجود ہندوستانی ٹیم 20 اوورز میں صرف 167 رنز ہی بنا سکی۔

مونی نے 37 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 54 رنز بنائے اور آسٹریلیا کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔ لیننگ نے 34 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔

کپتان ہرمن پریت نے ہندوستانی اننگز کی قیادت کرتے ہوئے 34 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے جبکہ جمیمانے 24 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ ہرمن پریت-جمیما کی جوڑی ہندوستان کو فتح کی طرف لے جارہی تھی لیکن آسٹریلیا نے 11ویں اوور میں جمیما کی وکٹ لے کر ہندوستان کو چونکا دیا۔ اس کے بعد بھی ہرمن پریت نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی لیکن 15ویں اوور میں ان کے رن آؤٹ ہونےسے ہندوستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔


پانچ بار کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چیمپئن آسٹریلیا اپنا چھٹا ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک قدم دور ہے۔ اتوار کو ہونے والے فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ یا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

آسٹریلیا کے بڑے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور دونوں اوپنرز کے بعد نمبر تین کی کھلاڑی بھی دہائی کےہندسے کو چھوئے بغیر آؤٹ ہوگئیں۔ سلامی بلے باز شیفالی ورما (9) اور اسمرتی مندھانا (2) ایل بی ڈبلیو ہوئیں جبکہ یاستیکا بھاٹیہ (4) رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئیں۔

ہرمن پریت اور جمیمانے ابتدائی جھٹکے کے بعد بھی رنز جوڑنا جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاور پلے میں 59 رنز جوڑے۔ ہرمن پریت-جمیما نے چوتھی وکٹ کے لیے 69 رنز کی شراکت داری کرکے ہندوستان کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ہندوستان ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا لیکن آسٹریلیا نے جمیما کی وکٹ لے کر میچ میں واپسی کی۔

جمیما کے آؤٹ ہونے کے بعد رن ریٹ کچھ دیر کے لیے سست ہوگیا لیکن 14ویں اوور میں ہرمن پریت اور ریچا گھوش ایک ایک چوکا لگا کر اننگز کو دوبارہ رفتار دی۔ ہرمن پریت نے اگلے ہی اوور میں دو چوکے لگائے تاکہ وہ اپنی نصف سنچری تک پہنچ سکیں لیکن بدقسمتی سے وہ اگلی ہی گیند پر رن ​​آؤٹ ہو گئیں۔ اس گیند کا دوسرا رن لیتے ہوئے ہرمن پریت کریز کے قریب آئیں لیکن پچ پر بلے کے پھنس جانے کی وجہ سے وہ کریز تک نہ پہنچ سکیں۔


کپتان ہرمن پریت کی وکٹ کے بعد آسٹریلیا کی قسمت کھل گئی اور انہوں نے میچ مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اگلے ہی اوور میں ریچا گھوش بھی 17 گیندوں پر 14 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔

ہندوستان کو آخری دو اووروں میں 20 رنز درکار تھے۔ جیس جانسن نے 19 ویں اوور میں سخت گیند بازی کی اور صرف چار رنز دیے اور اسنیہا رانا (11) کی وکٹ بھی حاصل کی ۔ دپتی شرما (17 گیندوں، 20 رنز) کی کوششوں کے باوجود ہندوستان آخری اوور میں صرف 10 رنز کا اضافہ کر سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔