خواتین ایشیا کپ ٹی-20: ٹیم انڈیا کی لگاتار دوسری جیت، یو اے ای کو 78 رنوں سے شکست
ہرمن پریت کور کی کپتانی والی ٹیم انڈیا نے یو اے ای کو 78 رنز سے شکست دی ہے۔ ٹیم انڈیا نے یہ لگاتار دوسری جیت درج کی ہے
دمبولا: ہندوستان نے خواتین کے ایشیا کپ ٹی-20 میں مسلسل دوسرا میچ جیت لیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے یو اے ای کو 78 رنز سے شکست دی۔ ہندوستان نے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اس دوران ریچا گھوش اور ہرمن پریت کور نے دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ ہندوستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کا تعاقب کرنے آئی یو اے ای کی ٹیم صرف 123 رنز ہی بنا سکی۔
یو اے ای کی طرف سے کاویشا ایگوڈگے نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 32 گیندوں میں 40 رنز بنانے کے ساتھ 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ اس کے علاوہ کپتان ایشا اوجھا نے بھی 36 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔ خوشی شرما 10 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ یو اے ای کی 5 بلے باز ڈبل فگر میں بھی نہ پہنچ سکیں۔ ہندوستان کی جانب سے دیپتی شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رینوکا سنگھ، تنوجا کنور، پوجا وستراکر اور رادھا یادو نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں، متحدہ عرب امارات کی کپتان ایشا اوجھا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لیے آنے والی شیفالی ورما اور اسمرتی مندھانا کی جوڑی نے تیز شروعات کی۔ تیسرے اوور میں کاویشا ایگوڈگے نے اسمرتی مندھانا کو نو گیندوں میں 13 رنز پر آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ پانچویں اوور میں شیفالی ورما 18 گیندوں پر 37 رنز کی طوفانی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔
اس کے بعد کیپٹن ہرمن پریت کور نے چارج سنبھال لیا۔ ڈیلان ہیملتا (2) اور جمائمہ روڈریگس (14) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ہرمن پریت کور اور ریچا گھوش نے 75 رنز کی شاندار شراکت داری کی اور ٹیم کے اسکور کو دو سو رنز کے قریب پہنچا دیا۔ ہرمن پریت کور 20ویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے 47 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ ہرمن پریت کے ٹی۔20 کیریئر کی یہ 12ویں نصف سنچری ہے۔ انہوں نے اپنا پہلا ٹی۔20 انٹرنیشنل میچ یو اے ای کی خواتین کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلا اور اس میچ میں ہی نصف سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹی۔20 میں ہندوستان کے لیے سب سے زیادہ رنز (3415) بنانے والی خاتون بھی بن گئیں۔
ریچا گھوش نے 29 گیندوں پر 64 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ یہ ریچا کے بین الاقوامی کیریئر میں پہلی نصف سنچری ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔
متحدہ عرب امارات کی جانب سے کاویشا اگوڈیگے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ سمیرا دھرنیدھرکا اور ہینا ہوچندنی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔