’قربانی کے جانور حاضر ہوں‘، محمد حفیظ نے اپنی ہی پاکستانی ٹیم کا کیوں اڑایا مذاق؟

امریکہ-آئرلینڈ کا میچ 14 جون کو بارش کی نذر ہو گیا، اس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کے سپر-8 میں پہنچنے سے محروم رہ گئی، اب پاکستان کے سابق کرکٹرس بابر بریگیڈ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

محمد حفیظ، تصویر آئی اے این ایس
محمد حفیظ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے گزشتہ شب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے ’’قربانی کے جانور حاضر ہوں‘‘۔ اس کے ساتھ انھوں نے ہیش ٹیگ پاکستان کرکٹ لگایا ہے۔ دراصل یہ پوسٹ محمد حفیظ نے ٹی-20 عالمی کپ میں پاکستان کی خراب کارکردگی اور عیدالاضحیٰ کی مناسبت سے کیا ہے۔ ایسے وقت میں جب عید قرباں قریب ہے اور پاکستانی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو چکی ہے، تو جلد ہی ٹیم کی وطن واپسی طے ہے۔ ایسے میں محمد حفیظ نے طنز کرتے ہوئے اپنی ہی پاکستانی ٹیم کو ’قربانی کا جانور‘ ٹھہرا دیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹی-20 عالمی کپ کے لیگ راؤنڈ میں اپنے دو شروعاتی میچ امریکہ اور ہندوستان سے ہار گئی تھی جس کے بعد سے اس کے سپر-8 پہنچنے پر تلوار لٹکی ہوئی تھی۔ کناڈا کے خلاف پاکستان نے جیت ضرور حاصل کر لی، لیکن اب پورا دار و مدار امریکہ-آئرلینڈ میچ پر تھا جس میں امریکہ کی شکست ہی پاکستان کو سپر-8 میں پہنچنے کا راستہ ہموار کر سکتی تھی۔ جب امریکہ-آئرلینڈ میچ بارش کے سبب رد ہوا تو امریکہ کو ایک پوائنٹ حاصل ہو گیا اور وہ 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر-8 میں داخل ہو گیا۔ پاکستان اگر اپنا آخری میچ آئرلینڈ کے خلاف جیت بھی جاتا ہے تو 4 پوائنٹس ہی ہوں گے۔


جیسے ہی امریکہ-آئرلینڈ کا میچ 14 جون کی شب رد قرار دیا گیا، سوشل میڈیا پر میمس کی بارش شروع ہو گئی۔ پاکستان کے کئی سابق کرکٹرس نے بھی پاکستانی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کے سپر-8 میں نہ پہنچنے کی وجہ بارش کو نہیں بلکہ ٹیم کی خراب کارکردگی کو ٹھہرایا۔ سچ تو یہ ہے کہ امریکہ سے پاکستان کو ملی شکست کسی کو ہضم نہیں ہو رہی، اور اسی میچ نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ پاکستان کے سپر-8 سے باہر ہونے پر شعیب اختر نے بھی سوشل میڈیا پر ’یک سطری‘ پوسٹ کر افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’پاکستان کا عالمی کپ سفر ختم۔‘‘ آئیے نیچے دیکھتے ہیں کچھ دلچسپ میمس جو پاکستانی ٹیم سے متعلق سوشل میڈیا پر بہت پسند کیے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔