آسٹریلیا پر ہندوستان کی فتح سے سرشار ہاردک نے ٹوئٹ میں کیوں لکھا ’ہندو، سکھ، مسلم‘؟
ہاردک پٹیل نے ٹوئٹ کیا ہے کہ ’’رشبھ پنت ہندو ہے 89 رن بنائے، شبھمن گل سکھ ہے 91 رن بنائے، محمد سراج مسلم ہے 5 وکٹ لیا اور جیت گیا ہندوستان۔‘‘
آسٹریلیائی سرزمین پر ہندوستانی کرکٹروں نے جس انداز میں فتح کا پرچم لہرایا ہے، اس کا جشن آج دوسرے دن بھی سوشل میڈیا پر جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر سونیا گاندھی اور شاہ رخ خان، سنی دیول جیسی سیاسی و فلمی ہستیوں سے لے کر ہر شعبۂ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگ لگاتار ہندوستانی ٹیم کو مبارکباد دے رہے ہیں اور فخر کا موقع دیئے جانے پر شکریہ بھی ادا کر رہے ہیں۔ اس درمیان گجرات سے تعلق رکھنے والے نوجوان لیڈر ہاردک پٹیل نے ایک ایسا ٹوئٹ کیا ہے جو لوگوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
دراصل گجرات ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر ہاردک پٹیل نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں ’ہندو، سکھ، مسلم‘ مذہب کا تذکرہ کیا ہے اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ یہ اتحاد جہاں بھی ہوگا، وہاں فتح حاصل ہوگی۔ ہاردک نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’رشبھ پنت ہندو ہے 89 رن بنائے، شبھمن گل سکھ ہے 91 رن بنائے، محمد سراج مسلم ہے 5 وکٹ لیا اور جیت گیا ہندوستان۔ ہم تو پہلے سے کہتے ہیں کہ ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی ایک ہو جائیں تو ہندوستان کو کوئی نہیں ہرا پائے گا۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’آپسی نفرت سے ہندوستان کمزور ہوتا ہے لیکن بھائی چارے سے بھارت مضبوط بنتا ہے۔‘‘
ہاردک پٹیل کے اس ٹوئٹ کا لوگ سیاسی معنی نکال رہے ہیں اور مودی حکومت پر حملہ بھی تصور کر رہے ہیں۔ دراصل ہاردک پی ایم مودی اور مرکزی حکومت کے سخت ناقدین میں شمار کیے جاتے ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر مودی حکومت کی پالیسیوں اور تخریبی سوچ کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ چونکہ بی جے پی پر ہندو-مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے کا الزام لگتا رہا ہے، اس لیے ہاردک کے ٹوئٹ کو بھی کچھ لوگ اسی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Jan 2021, 8:20 PM