ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ: ویسٹ انڈیز کو پاپوا نیو گنی کو شکست دینے میں چھوٹے پسینے
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2024 کے سنسنی خیز مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2024 کے میچ نمبر 2 میں ویسٹ انڈیز نے پاپوا نیو گنی (پی این جی) کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم میں 2 جون (اتوار) کو کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 137 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے چھ گیندیں باقی رہتے ہوئےحاصل کر لیا۔
پاپوا نیو گنی نے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کو سنسنی خیز بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ایک وقت ویسٹ انڈیز کی پانچ وکٹیں 97 رنز پر گر چکی تھیں اور صرف چار اوور باقی تھے۔ یہاں سے روسٹن چیز اور آندرے رسل نے 18 گیندوں پر 37 ناقابل شکست رنز جوڑے اور ٹیم کو فتح دلائی۔ روسٹن چیز نے 27 گیندوں پر 4 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنز بنائے۔ رسل نے 9 گیندوں پر 1 چھکے کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ برینڈن کنگ (34) اور نکولس پورن (27) نے بھی مفید اننگز کھیلی۔ پاپوا نیو گنی کی جانب سے کپتان اسد والا نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاپوا نیو گنی نے آٹھ وکٹوں پر 136 رنز بنائے۔ پاپوا نیو گنی کی جانب سے سیس باؤ نے سب سے زیادہ 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ باؤ نے 43 گیندوں کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ وکٹ کیپر بلے باز کلپن ڈوریگا نے بھی 18 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 28 رنز بنائے۔ کپتان اسد والا (21) اور چاڈ سوپر (10) بھی دوہرے ہندسے تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور آندرے رسل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
جبکہ عقیل حسین، روماریو شیفرڈ اور گڈاکیش موتی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔ اس میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتانی روومین پاول نے کی۔ جبکہ اسد والا کے کندھوں پر پاپوا نیو گنی کی ذمہ داری تھی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں آندرے رسل، نکولس پورن جیسے مضبوط کرکٹرز بھی شامل ہیں۔ اگر دیکھا جائے تو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کھیلا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔