وجئے ہزارے ٹرافی میں ریتوراج گائیکواڈ نے ایک اوور میں لگا دیئے 7 چھکے، طوفانی ڈبل سنچری بھی کی مکمل
دائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پیر کے روز ایک اوور میں ریکارڈ 7 چھکے لگائے، یہ کارنامہ لسٹ اے کرکٹ میں پہلی بار ہوا۔
دائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز ریتوراج گائیکواڈ نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پیر کے روز ایک اوور میں ریکارڈ 7 چھکے لگائے، یہ کارنامہ لسٹ اے کرکٹ میں پہلی بار ہوا۔ اتنا ہی نہیں، گائیکواڈ نے اتر پردیش کے خلاف وجئے ہزارے ٹرافی کوارٹر فائنل مچی میں مہاراشٹر کے لیے ناٹ آؤٹ 220 رن بھی بنا ڈالے۔ میچ میں مہاراشٹر کی کپتانی کر رہے گائیکواڈ نے اننگ کے 49ویں اوور میں (7 چھکے مارنے کی) یہ کامیابی حاصل کی۔ یہ اوور اتر پردیش کے بائیں ہاتھ کے اسپنر شیوا سنگھ نے پھینکا تھا جس میں گائیکواڈ نے میدان کے چاروں طرف چھکے لگائے۔ مجموعی طور پر اس اوور میں 43 رن بنے۔
ایک اوور میں 7 چھکے اس لیے لگ گئے کیونکہ 49واں اوور پھینکنے والے شیوا نے ایک نو بال بھی ڈالی تھی، اور اس پر بھی گائیکواڈ نے لانگ آن پر چھکا لگا دیا۔ اس چھکے کے ساتھ ہی گائیکواڈ نے لسٹ اے کرکٹ میں 153 گیندوں میں اپنی پہلی ڈبل سنچری مکمل کی۔ گائیکواڈ نے آخر تک ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 159 گیندوں پر 220 رن بنائے۔ اس میں 10 چوکے اور 16 چھکے شامل تھے۔ مہاراشٹر نے مقررہ 50 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر 330 رن کا اسکور بنایا۔ اس میں 58 رن تو آخر کے دو اوور میں ہی بنے۔ ایک اوور میں 7 چھکے کھانے والے گیندباز شیوا نے اپنے 9 اوورس میں 88 رن دیئے اور انھیں ایک وکٹ بھی حاصل نہیں ہوا۔
اگر دیکھا جائے تو مہاراشٹر کی بلے بازی پوری طرح سے وَن مین شو رہی۔ ایسا اس لیے کیونکہ گائیکواڈ کے علاوہ باقی بلے بازوں نے 142 گیندوں پر صرف 96 رن بنائے۔ قابل ذکر ہے کہ 25 سالہ گائیکواڈ وجئے ہزارے ٹرافی کے موجودہ سیزن میں ڈبل سنچری تک پہنچنے والے دوسرے بلے باز ہیں۔ اس سے پہلے تمل ناڈو کے نارائن جگدیسن نے بنگلورو میں اروناچل پردیش کے خلاف 277 رن بنائے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔