روایتی حریفوں کے مابین انڈر۔19 عالمی کپ کا سیمی فائنل

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جو21 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان نے12 اور پاکستان نے 8 جیتے ہیں۔ ایک میچ ٹائی رہا ہے۔

ہندوستانی انڈر 19 ٹیم
ہندوستانی انڈر 19 ٹیم
user

سید پرویز قیصر

بارہویں جونیئر عالمی کپ کا دوسرا سیمی فائنل روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرائسٹ چرچ میں منگل 30 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کی 19 سال سے کم عمر ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ22 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور انڈر۔19 عالمی کپ میں نواں میچ ہوگا۔

ابھی تک دونوں کے درمیان جو21 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں ہندوستان نے12 اور پاکستان نے 8 جیتے ہیں۔ ایک میچ ٹائی رہا ہے۔

ہندوستان کا مجموعی ریکارڈ اچھا ہے مگر انڈر۔19 عالمی کپ میں پاکستان کا ریکاڑڈ ہندوستان سے بہتر ہے۔ اس نے آٹھ میں سے پانچ میچوں میں جیت درج کی ہے۔

نیوزی لینڈ میں پاکستان نے ہندوستان کے خلاف دو میچ کھیلے ہیں اوردونوں میچوں میں فتح حاصل کی ہے۔

ہندوستان نے سات مرتبہ انڈر۔19 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے جس میں پانچ میں اسے فتح ملی ہے جبکہ دو میں ہار ہوئی ہے۔ پاکستان کی کارکردگی بھی سیمی فائنل میں بالکل ایسی ہی ہے۔

پاکستان کا ہندوستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں7 وکٹ پر331 ہے جو اس نے29 جنوری 1990 کو ناگپور میں بنایا تھا۔ ہندوستان کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں آٹھ وکٹ پر314 ہے جو اس نے4 جنوری 2014 کو شارجہ میں بنایا تھا۔

کولمبو میں 19 فروری 2006 کو کھیلے گئے میچ میں ہندوستان کے سبھی کھلاڑی 18.5 اوور میں71 رن بناکر آوٹ ہوئے تھے جو پاکستان کے خلاف اس کا انڈر۔19 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے۔ اسی میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے41.1 اوور میں109 رن بنائے تھے جو اس کا ہندوستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔

کولکاتہ میں 19 جنوری 1990 کو کھیلے گئے میچ میں جتن پرانجپائے نے آوٹ ہوئے بغیر139 رن بنائے تھے جو ہندوستان کے لئے پاکستان کے خلاف انڈر۔19 ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑاانفرادی اسکور ہے۔ کوالالمپور میں یکم جولائی2012 کو کھیلے گئے میچ میں سمیع اسلم نے 134 رن بنائے تھے جو پاکستان کے لئے ہندوستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔

پاکستان کے لئے ہندوستان کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کا ریکارڈ انور علی کے پاس ہے جنہوں نے کولمبو میں19 فروری 2006 کو 35 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا۔ لاہور میں24 ستمبر2006 کو کھیلے گئے میچ میں سمت شرما نے36 رن دیکر پانچ کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تھا جو ہندوستان کے لئے پاکستان کی انڈر۔19 ٹیم کے خلاف سب سے اچھی بالنگ کی کارکردگی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔