ٹی 20 عالمی کپ میں ہوا دوسرا الٹ پھیر، افغانستان نے نیوزی لینڈ کو 84 رنوں سے دی شکست

افغانستان کے تیز گیندباز فضل حق فاروقی اور کپتان راشد خان نے 4-4 وکٹ لے کر نیوزی لینڈ بلے بازوں کی کمر توڑ دی، پوری ٹیم محض 75 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>افغانستان ٹیم، تصویر @ICC</p></div>

افغانستان ٹیم، تصویر @ICC

user

قومی آواز بیورو

ٹی 20 عالمی کپ میں پہلا الٹ پھیر امریکہ نے پاکستان کو شکست دے کر کیا تھا، اور اب دوسرا الٹ پھیر افغانستان نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر کر دیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے چودہواں مقابلہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا جو حیرت انگیز طور پر یکطرفہ ثابت ہوا اور افغانستان کی ٹیم ہر شعبہ میں مضبوط دکھائی دی۔

افغانستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 160 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن اس کا پیچھا کرنے اتری کین ولیمسن کی پوری ٹیم محض 75 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ٹیم کو پہلا جھٹکا فضل حق فاروقی نے دیا۔ انھوں نے فن ایلن پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر بولڈ کر دیا۔ وہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پھر ڈیوون کانوے 8 رن، ڈیرل مشیل 5 رن، کین ولیمسن 9 رن، مارک چیپمین 4 رن، مائیکل بریسویل صفر، گلین فلپس 18 رن، مشیل سینٹنر 4 رن، میٹ ہنری 12 رن، لاکی فرگوسن 2 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، اور ٹرینٹ بولٹ 3 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس مقابلے میں افغان گیندبازوں نے زبردست قہر برپا کیا۔ فضل حق فاروقی اور کپتان راشد خان نے 4-4 وکٹ لے لیے جبکہ محمد نبی کو 2 وکٹ حاصل ہوئے۔


افغانستان کے کپتان راشد خان آج ٹاس ہار گئے تھے اور انھیں پہلے بلے بازی کرنے کی دعوت ملی تھی۔ افغانستان کے سلامی بلے بازوں رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے ایک بار پھر سنچری شراکت داری کی اور ٹیم کو مضبوط شروعات دی۔ حالانکہ بعد کے بلے باز کچھ خاص نہیں کر سکے۔ رحمان اللہ نے 80 رن، ابراہیم نے 44 رن اور عظمت اللہ عمرزئی نے 22 رنوں کا تعاون کیا۔ باقی بلے بازوں نے مایوس کیا اور افغانستان کی ٹیم 20 اوورس میں 6 وکٹ کے نقصان پر 159 رن بنا سکی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ اور میٹ ہنری نے 2-2 وکٹ لیے، جبکہ لاکی فرگوسن کو ایک وکٹ ملا۔

قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ’گروپ سی‘ میں شامل ہے جسے مشکل گروپ تصور کیا جا رہا ہے۔ اس گروپ میں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے علاوہ ویسٹ انڈیز، پاپوا نیوگنی اور یوگانڈا کی ٹیمیں ہیں۔ ہر گروپ سے چونکہ دو ٹیمیں ہی سپر 8 میں جائیں گی، اس لیے نیوزی لینڈ، افغانستان اور ویسٹ انڈیز میں سخت مقابلے کی امید ہے۔ فی الحال افغانستان نے دو میچوں میں دو فتح حاصل کر 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ ویسٹ انڈیز کو ایک میچ میں ایک فتح ملی ہے اور وہ 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر ہے۔ یوگانڈا کے بھی 2 پوائنٹس ہیں جس نے دو میچوں میں ایک فتح حاصل کی ہے۔ پاپوا نیوگنی اور نیوزی لینڈ کو ابھی کوئی پوائنٹ حاصل نہیں ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔