ٹیسٹ سیریز: چنئی میں انگلینڈ اور ہندوستانی ٹیموں کا قرنطینہ شروع
چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چنئی میں کھیلے جانے والے پہلے دو میچوں کے لئے انگلینڈ اور ہندوستانی کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو لیلا پیلیس ہوٹل میں کوارنٹین کیا گیا ہے
چنئی: چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چنئی میں کھیلے جانے والے پہلے دو میچوں کے لئے انگلینڈ اور ہندوستانی کھلاڑیوں کا قرنطینہ شروع ہوگیا ہے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو لیلا پیلیس ہوٹل میں کوارنٹین کیا گیا ہے۔ چنئی کے چے پوک اسٹیڈیم میں پانچ فروری سے پہلا اور 13 فروری سے دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا تمل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کے ذرائع کے مطابق دونوں ٹیم کے کھلاڑی لیلا پیلیس ہوٹل میں چھ دنوں تک بایوببل میں رہیں گے۔
اس دوران ان کا ہر تین دن میں کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ کوارنٹین کے بعد دونوں ٹیمیں دو فروری سے نیٹ پر پریکٹس شروع کریں گی۔ انہیں ٹریننگ کے لئے تین دن ملیں گے۔ کورونا وبا کے مدنظر انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی اپیل کی بعد یہ سیریز ناظرین کی موجودگی میں کھیلے جائے گی۔ناظرین اور میڈیا کو میدان میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہیں ٹی وی پر ہی لائیو میچ دیکھنا ہوگا۔ کھلاڑیوں، ٹیم اراکین اور معاون اسٹاف سمیت صرف حکام ٹی وی براڈکاسٹروں کو ہی میدان میں آنے کی اجازت ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سری لنکائی ایئرلائنس کے خصوصی طیارے سے جمعرات کی صبح دس بجکر 50 منٹ پر انا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچے۔ طبی جانچ اور کورونا ٹیسٹ کے بعد کھلاڑی لیلا پیلیس ہوٹل گئے، جہاں وہ چھ یا سات دنوں کے لئے کوارنٹین میں رہیں گے۔
ہندوستانی اسٹار بلے باز چتیشور پجارا، جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت بھی صبح چنئی پہنچے جبکہ ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی سمیت دیگر کھلاڑی شام کے بعد یہاں پہنچے ۔ ٹیم کے چیف کوچ روی شاستری بھی ممبئی سے چنئی پہنچے ہیں۔ اس سے پہلے آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز میں قائم مقام کپتان رہے اجنکیا رہانے اور بلے باز روہت شرما منگل کی رات یہاں پہنچے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔