ٹیم انڈیا نے ورلڈ کپ سے قبل غلط فیصلہ لیا: ہربھجن سنگھ
ورلڈ کپ سے قبل ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی، ہربھجن سنگھ نے اس کے حوالے سے ردعمل ظاہر کیا
نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ 2023 کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلے گی۔ ہندوستان نے اس سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس میں روی چندرن اشون کو شامل کیا گیا ہے۔ واشنگٹن سندر بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ہربھجن سنگھ نے ٹیم کو لے کر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف تین آف اسپنرز کی ضرورت نہیں ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق ہربھجن سنگھ نے کہا، ’’پہلی بات تو یہ ہے کہ واشنگٹن سندر ایشیا کپ میں ہندوستان کی اہم ٹیم کا حصہ نہیں تھے، بلکہ انہیں بعد میں بلایا گیا۔ دوسری بات یہ کہ روی چندرن اشون کو ہندوستان-آسٹریلیا سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا۔ اسے دیکھ کر لگتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کسی آف اسپنر کی تلاش میں ہے۔ اس لیے اب انھیں احساس ہو گیا ہے کہ انھوں نے پہلے آف اسپنر کو ٹیم میں شامل نہ کر کے غلطی کی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’آپ ٹیم میں تین اسپنرز کو شامل نہیں کر سکتے۔ آپ کو صرف دو رکھنا چاہئیں۔ رویندر جڈیجہ ضرور کھیلیں گے۔ اشون ضرور کھیلیں گے۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کے پاس کتنے بائیں ہاتھ والے ہیں۔ دوسرے اسپنر کلدیپ یادو ہوں گے اور ان کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا۔‘‘
ایشیا کپ 2023 میں ہندوستانی اسپنرز کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو کلدیپ یادو نے موثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کلدیپ نے 5 میچوں میں 9 وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے 28.3 اوورز میں 103 رنز دیے۔ جبکہ رویندرا جڈیجہ نے 6 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 35 اوورز میں 152 رنز دیے۔ محمد سراج نے اس ٹورنامنٹ میں ٹیم انڈیا کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔ سراج نے 5 میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا نے 5 میچوں میں 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ پانڈیا نے 20.2 اوور میں 68 رنز دیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔