ٹی-20 عالمی کپ: دلچسپ مقابلے میں انگلینڈ سے سری لنکا کی شکست، میزبان آسٹریلیا ٹورنامنٹ سے باہر

سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ میچ میں بین اسٹوکس کے 44 رنز کی بدولت انگلینڈ نے ٹی-20 عالمی کپ کے سپر 12 کے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ٹی-20 عالمی کپ میں آج سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان انتہائی دلچسپ مقابلہ کھیلا گیا جس میں دو گیندیں باقی رہتے انگلینڈ ٹیم نے 4 وکٹ سے جیت حاصل کر لی۔ انگلینڈ کی جیت نے میزبان آسٹریلیا کو اس ٹورنامنٹ سے باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ گروپ-1 سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دو ٹیمیں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا تینوں ہی ٹیموں کے 7-7 پوائنٹس ہیں، لیکن نیٹ رَن ریٹ بہتر ہونے کی بنیاد پر نیوزی لینڈ گروپ میں سرفہرست رہی اور انگلینڈ و آسٹریلیا کی ٹیمیں بالترتیب دوسرے و تیسرے مقام پر رہیں۔ سری لنکا 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر، آئرلینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر، اور افغانستان 2 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے مقام پر رہی۔

سری لنکا بمقابلہ انگلینڈ میچ میں بین اسٹوکس کے 44 رنز کی بدولت انگلینڈ نے ٹی-20 عالمی کپ کے سپر 12 کے سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کو شکست دینے میں کامیابی حاصل کی۔ سری لنکا نے گروپ-1 کے میچ میں پتھم نسانکا (67) کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے انگلینڈ کے سامنے 142 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ نسانکا نے 45 گیندوں میں دو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر سری لنکا کو باعزت اسکور تک پہنچایا، جبکہ بھانوکا راج پکشے نے 22 گیندوں میں 22 رنز بنائے۔


انگلینڈ نے کرو یا مرو کے میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 75 رنز بنائے لیکن یہاں سری لنکا کے اسپن گیندبازوں نے ان کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ ونندو ہسرنگا اور دھننجے ڈی سلوا نے رنوں کی رفتار کو کم کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ لاہیرو کمارا نے بھی دو بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ درمیانی اوورز میں سری لنکا کی شاندار گیندبازی کی بدولت انگلینڈ کا اسکور 9 اوورز میں 75/0 سے 18 اوورز میں 129/6 تک جا پہنچا۔

جہاں ایک سرے سے وکٹیں گرتی رہیں، بین اسٹوکس نے دوسرے سرے کو تھام لیا اور کم اسکور والے میچ میں انگلینڈ کی جیت کو یقینی بنایا۔ اسٹوکس نے 36 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 44 رنز بنائے جبکہ آٹھویں نمبر کے بلے باز کرس ووکس (05 ناٹ آؤٹ) نے بیسویں اوور کی چوتھی گیند پر چوکا لگا کر انگلینڈ کو ہدف تک پہنچا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔