ٹی-20 عالمی کپ: وہ وجوہات جن کی بنیاد پر ہندوستان سیمی فائنل میں انگلینڈ کو دے سکتا ہے شکست

ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 میں آج ٹیم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ دوپہر 1.30 بجے ہونے والے اس میچ میں کئی وجوہات کی بنیاد پر ٹیم انڈیا انگلش ٹیم کو آسانی سے شکست دے سکتی ہے

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @ICC
user

قومی آواز بیورو

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کی میزبانی میں ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 میں کا دوسرا سیمی فائنل میچ آج کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا اور انگلینڈ آمنے سامنے ہوں گے۔ یہ میچ ایڈیلیڈ اوول میں ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 1.30 بجے سے کھیلا جائے گا۔

انگلش ٹیم کے کپتان جوس بٹلر اور ہندوستانی کپتان روہت شرما کے پاس اپنی ٹیموں کو فائنل تک پہنچانے کا سنہری موقع ہے۔ جو بھی ٹیم یہ میچ جیتے گی، اس کا فائنل میچ 13 نومبر کو میلبرن میں پاکستان سے ہوگا۔ ٹیم انڈیا کے پاس 5 ایسے فیکٹر ہیں، جن کی بنیاد پر انگلینڈ کو شکست دی جا سکتی ہے۔

کوہلی اور سوریہ کی فارم

ان دنوں وراٹ کوہلی اور سوریہ کمار یادیو زبردست فارم میں ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اس سیزن میں کوہلی نے اب تک سب سے زیادہ 246 رنز بنائے ہیں۔ سوریہ کمار سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے 225 رنز بنائے ہیں۔ ان دونوں نے اب تک 3-3 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ ان دونوں کا بلا چلا تو انگلینڈ کو یکطرفہ شکست بھی مل سکتی ہے۔

کپتان روہت شرما اوپننگ میں اچھی فارم میں نہیں ہیں۔ وہیں کے ایل راہل نے اپنی تال دوبارہ حاصل کر لی ہے۔ اگر یہ دونوں بلے بھی چلتے ہیں۔ تو ہندوستانی ٹیم کے لئے سونے پر سہاگا ہوگا اور انگلینڈ کی مشکل بڑھ جائے گی۔


پاور پلے میں دباؤ بناکر

تیز گیند بازی میں ہندوستانی ٹیم کی کمان محمد شامی کے ساتھ تجربہ کار بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ کے ہاتھ میں ہے۔ بھووی اور ارشدیپ نے پاور پلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس مرحلہ میں پاکستان، جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا۔ اگر یہی کارنامہ انگلینڈ کے خلاف ہوتا ہے تو فتح آسان ہو جائے گی، کیونکہ اس ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کا مڈل آرڈر کمزور نظر آیا ہے۔

اسپنرز کے غلبے کا فائدہ

یہ میچ ایڈیلیڈ کے گراؤنڈ پر کھیلا جانا ہے، جہاں اسپنرز کو بھی کچھ مدد ملتی ہے۔ آسٹریلیا کے اسپنر ایڈم زمپا نے اس گراؤنڈ پر ٹی-20 میں سب سے زیادہ 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ ایسے میں اگر آر اشون یا یوزویندر چہل، جس کو بھی موقع ملے، وہ اکسر پٹیل کے ساتھ مل کر انگلینڈ کو درمیانی اوورز میں زیر کر سکتے ہیں۔


انگلینڈ کے ٹاپ 5 کھلاڑیوں کو روکنا

جوس بٹلر، ایلکس ہیلز، بین اسٹوکس، سیم کرن اور کرس ووکس وہ 5 کھلاڑی ہیں جنہیں انگلینڈ کی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ اگر ہندوستانی ٹیم ان پانچوں پر قابو پاتی ہے تو یہ میچ اس کے کنٹرول میں ہو سکتا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے اچھی بات یہ ہوگی کہ ڈیوڈ ملان اور مارک ووڈ کے کھیلنے پر سسپنس ہے، کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی زخمی ہیں۔

بہترین فیلڈنگ ضروری

جنوبی افریقہ کے خلاف ایک میچ کو چھوڑ کر ہندوستانی ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار فیلڈنگ کی ہے۔ ایسے میں اگر ہندوستانی ٹیم کو فائنل تک رسائی حاصل کرنی ہے تو اسے اپنی بہترین فیلڈنگ کو برقرار رکھنا ہوگا۔ فیلڈنگ میں ہر رن کو بچانا ہوگا اور کیچ کا موقع ضائع کرنے سے بچنا ہوگا۔ خاص طور پر جو غلطیاں جنوبی افریقہ کے خلاف کی تھیں انہیں دہرانے سے بچنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔