ٹی-20 ورلڈ کپ: سپر-8 میں ہندوستان کا بنگلہ دیش سے مقابلہ، روہت کی نظریں سیمی فائنل کے ٹکٹ پر مرکوز

نجم الحسین شانتو کی قیادت والی ٹیم اگر یہ میچ ہار جاتی ہے تو ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی، جبکہ جیت کی صورت میں روہت شرما کی کپتانی والی ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے قریب تر ہو جائے گی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

انٹیگوا: ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے 47ویں میچ میں ہفتہ کو ہندوستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مقابلہ کریں گی۔ ایک طرف نجم الحسین شانتو کی قیادت والی ٹیم ہے جو یہ میچ ہارنے پر ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی، وہیں دوسری طرف جیت کے ساتھ روہت شرما کی کپتانی والی ٹیم انڈیا ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے قریب تر ہو جائے گی۔

سپر-8 میں فاتحانہ آغاز کے بعد اب ہندوستان کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہے۔ ٹورنامنٹ میں اب تک روہت بریگیڈ کی برتری رہی ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ بنگلہ دیش نے ہر بار ہندوستان کو سخت چیلنج دیا ہے۔ اس لیے کپتان روہت شرما اس میچ کو کم سمجھنے کی غلطی نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنا پہلا سپر 8 میچ آسٹریلیا سے ہار گئی ہے۔ جبکہ ہندوستان نے افغانستان کے خلاف یکطرفہ میچ میں کامیابی حاصل کی ہے۔


ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کل 13 ٹی-20 انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے ہیں اور بنگلہ دیش نے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 12 میچز جیتنے والے ہندوستان نے اب تک ٹی-20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف 4 میچ کھیلے ہیں اور ہر بار فتح حاصل کی ہے۔

یہ ٹورنامنٹ اب تک بنگلہ دیش کے لیے ملا جلا رہا ہے۔ گروپ مرحلے میں اس نے 3 میچ جیتے اور صرف جنوبی افریقہ کے خلاف اسے شکست ہوئی۔ اب آسٹریلیا نے انہیں سپر 8 میں شکست دی ہے۔

اس میچ کی اہمیت کی بات کریں تو بنگلہ دیش کے لیے یہاں چیلنج زیادہ ہے، کیونکہ یہ سپر 8 کا 7 واں میچ ہے۔ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے تک پہنچنے کی دوڑ میں ہندوستانی ٹیم نے اپنا پہلا میچ جیت لیا ہے لیکن بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جس سے ان کی امیدوں کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

ٹورنامنٹ میں بارش کا بھی امکان ہے اس لیے ہر ٹیم کے لیے ہر میچ بہت اہم ہے۔ گروپ مرحلے میں پہلے ہی دیکھا جا چکا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل کی مساوات بڑے اپ سیٹس کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیے کوئی ٹیم خطرہ مول نہیں لینا چاہے گی۔


ہندوستانی ٹیم بھی یہ میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اپنا دعویٰ مضبوط کرنا چاہے گی، وہیں بنگلہ دیش کی ٹیم جو گزشتہ میچ میں اسی میدان پر آسٹریلیا سے ہار گئی تھی، اس کی نظریں واپسی پر ہوں گی۔ وہ سپر-8 میں اپنی پہلی جیت اور ٹورنامنٹ میں برقرار رہنے کے ارادے سے میدان میں اتریں گی۔

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ انٹیگوا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔ یہ میچ ہندوستانی وقت کے مطابق ہفتہ کی رات 8 بجے شروع ہوگا۔

دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں:

ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، یشسوی جیسوال، وراٹ کوہلی، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، رویندر جدیجا، کلدیپ یادیو، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، سنجو سیمسن (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، یوزویندر چہل، محمد سراج۔

بنگلہ دیش: نظم الحسین شانتو (کپتان)، تسکین احمد (نائب کپتان)، ذاکر علی، تنزید حسن، تنظیم حسن ثاقب، تنویر اسلام، محمود اللہ، مہدی حسن، مستفیض الرحمان، رشاد حسین، لٹن کمار داس، شکیب الحسن، شریف الاسلام ، سومیا سرکار، محمد توحید ہردوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔