ٹی-20 عالمی کپ 2024: چیف سلیکٹر نے بتائی ہندوستانی ٹیم میں کے ایل راہل اور رنکو سنگھ کی عدم شمولیت کی وجہ
چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ رنکو سنگھ کے بارے میں ہمیں بہت غور و فکر کرنی پڑی، اور یہ شاید ہمارے لیے بہت مشکل فیصلہ رہا، انھوں نے کچھ غلط نہیں کیا، بس یہ ٹیم کامبنیشن کا معاملہ ہے۔
ٹی-20 عالمی کپ 2024 کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان 30 اپریل کو ہی ہو گیا۔ اس کے بعد سب سے زیادہ سوال اس بات کو لے کر اٹھ رہے ہیں کہ اس 15 رکنی ٹیم میں کے ایل راہل اور رنکو سنگھ کا نام کیوں نہیں ہے۔ آج ہندوستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے پریس کانفرنس میں اس تعلق سے وضاحت کی اور بتایا کہ ٹیم میں ان دو کھلاڑیوں کو شامل نہ کیا جانا کتنا مشکل فیصلہ تھا۔
کے ایل راہل کے سلیکشن نہ ہونے پر چیف سلیکٹر اجیت اگرکر نے کہا کہ ’’راہل ایک بہترین بلے باز ہیں، لیکن ہمیں ایک ایسے بلے باز کی ضرورت تھی جو مڈل اوورس میں بلے بازی کر سکے۔ راہل ابھی آئی پی ایل میں اپنی ٹیم کے لیے اوپننگ کر رہے ہیں۔ یہ فیصلہ اسی بنیاد پر لیا گیا ہے کہ بلے بازی کے لیے کون پوزیشن خالی تھے۔ ہمیں محسوس ہوا کہ رشبھ پنت اور سنجو سیمسن اننگ کے دوسرے ہاف میں بلے بازی کی ذمہ داری سنبھال سکتے ہیں۔‘‘
رنکو سنگھ کے تعلق سے پوچھے گئے سوال پر اگرکر نے بتایا کہ ’’رنکو سنگھ کے سلسلے میں ہمیں بہت غور و فکر کرنی پڑی، اور یہ شاید ہمارے لیے بہت مشکل فیصلہ رہا۔ انھوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے، اور شبھمن گل نے بھی کچھ غلط نہیں کیا۔ یہ سب ٹیم کامبنیشن پر منحصر کرتا ہے۔ اب ہمارے پاس 2 کلائی والے اسپن گیندباز ہیں، جس سے روہت کے سامنے زیادہ متبادل موجود ہوں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اسے خراب قسمت کہا جا سکتا ہے۔ رنکو کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ 15 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں جگہ بنانے کے بہت قریب تھے۔ آخر میں ہم صرف 15 کھلاڑیوں کا ہی انتخاب کر سکتے تھے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔