ٹی-20 کرکٹ: ہندوستان کے ’سینئرس‘ نے عالمی چمپئن بنایا اور ’جونیئرس‘ پہلے ہی میچ میں زمبابوے سے ہار گئے

زمبابوے نے ہندوستانی ٹیم کو دلچسپ مقابلے میں 13 رنوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کر لی ہے، دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ICC">@ICC</a></p></div>

تصویر@ICC

user

قومی آوازبیورو

ایک طرف ٹی-20 عالمی چمپئن ہندوستانی ٹیم جشن منانے میں مصروف ہے، اور دوسری طرف پانچ ٹی-20 مچیوں کی سیریز کھیلنے زمبابوے پہنچی ’جونیئر‘ ہندوستانی ٹیم پہلے ہی میچ میں 13 رنوں سے شکست کھا گئی ہے۔ یہ ہندوستانی ٹیم کے لیے ایک بڑا جھٹکا ہے۔ زمبابوے گئی ہندوستانی ٹیم کو ’جونیئر‘ اس لیے تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ اس ٹیم میں نہ ہی ہاردک ہیں، نہ سوریہ کمار یادو، نہ یشسوی جیسوال، نہ جسپریت بمراہ، نہ محمد سراج۔ شبھمن گل کی قیادت میں ایک نئی ٹیم زمبابوے بھیجی گئی جس میں پہلے میچ میں تین کھلاڑیوں نے ہندوستان کے لیے ٹی-20 کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔

آج ہرارے کے میدان میں کھیلا گیا مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا اور زمبابوے کے لیے ایک تاریخی جیت والا ثابت ہوا۔ ہندوستانی ٹیم کی بلے بازی اس میچ میں پوری طرح سے فلاپ رہی اور اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ٹیم کے 8 بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ سلامی بلے باز ابھشیک شرما تو صفر پر آؤٹ ہو گئے اور رنکو سنگھ نے بھی کوئی رن نہیں بنایا۔ ریتوراج گائیکواڈ (7 رن)، ریان پراگ (2 رن) اور دھرو جوریل (6 رن) نے بھی بہت مایوس کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 116 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے والی ہندوستانی ٹیم 19.5 اوورس میں محض 102 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔


ہندوستان کی طرف سے کپتان شبھمن گل نے 29 گیندوں پر 31 رن بنایا اور ایک سرے پر جم کر بلے بازی کرتے رہے۔ وہ اچھی بلے بازی کر رہے تھے لیکن زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے اپنی ایک بہترین گیند پر انھیں بولڈ کر دیا۔ واشنگٹن سندر آخر تک ضرور جمے رہے، لیکن وہ بڑے شاٹ لگانے میں ناکام نظر آئے۔ انھوں نے کئی گیندیں خالی جانے دیں اور آخر تک کھڑے رہ کر بھی ہندوستانی ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے۔ انھوں نے 34 گیندوں پر 27 رن بنائے جس میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ ہندوستان تو میچ میں بہت پیچھے جا چکا تھا، لیکن اویس خان نے 12 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے تیز طرار 16 رن بنا کر ٹیم کی میچ میں واپسی کرائی۔ اس کے بعد ساری امیدیں سندر پر تھیں، لیکن وہ تیزی سے رن نہیں بنا سکے۔ آخر کے بلے بازوں کا بھی انھیں کوئی ساتھ نہیں ملا۔ روی بشنوئی 9 رن بنا کر اور مکیش کمار بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ سکندر رضا نے اہم مواقع پر ہندوستان کے 3 وکٹ لیے جس کے لیے انھیں پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ 3 وکٹ تیندائی چتارا کو بھی ملے۔ اس جیت کے ساتھ زمبابوے نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

اس سے قبل زمبابوے کی بلے بازی بھی مشکل میں ہی دکھائی دی جب اس کا کوئی بھی بلے باز بڑا اسکور بنانے میں ناکام ہوا۔ خاص طور سے آخر کے بلے بازوں نے بے حد مایوس کیا۔ زمبابوے کی طرف سے سب سے زیادہ 29 رن (ناٹ آؤٹ) کلائیو میڈانڈے نے بنائے اور ان رنوں میں سے بیشتر آخر کے اوور میں بنے۔ ویسلے مدھیورے نے 21 رن، برائن بینیٹ نے 22 رن، ڈائن مایرس نے 21 رن اور کپتان سکندر رضا نے 17 رنوں کا تعاون کیا۔ کسی طرح زمبابوے 20 اوورس میں 9 وکٹ کے نقصان پر 115 رن بنانے میں کامیاب ہو گئی۔


ہندوستان کی طرف سے گیندبازی کمال کی رہی، خصوصاً اسپن گیندبازوں نے بلے بازوں کی ناک میں دم کر دیا تھا۔ روی بشنوئی نے 4 اوورس میں محض 13 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور واشنگٹن سندر نے 4 اوورس میں محض 11 رن دے کر 2 وکٹ لیے۔ ایک وکٹ مکیش کمار اور ایک وکٹ اویس خان کو ملے۔ خلیل احمد (3 اوورس میں 28 رن) اور ابھشیک شرما (2 اوورس میں 17 رن) کافی مہنگے ثابت ہوئے اور انھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا۔ اب دوسرا میچ کل کھیلا جائے گا اور ہندوستانی ٹیم اس میچ میں جیت حاصل کر واپسی کرنا چاہے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔