ٹی-20 سیریز: سری لنکا کے خلاف کلین سویپ کے ارادے سے میدان میں اترے گی ٹیم انڈیا
ہندوستانی ٹیم آج (30 جولائی 2024) سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی -20 میچ میں جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کا ارادہ رکھے گی۔ وہیں سری لنکا کی نظریں جیت کے ساتھ سیریز کا اختتام کرنے پر ہوں گی
پلیکیلے: ہندوستانی ٹیم آج (30 جولائی 2024) سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹی -20 میچ میں جیت کر سیریز میں کلین سویپ کرنے کا ارادہ رکھے گی۔ وہیں سری لنکا کی نظریں جیت کے ساتھ سیریز کا اختتام کرنے پر ہوں گی۔
سوریہ کمار یادو کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم نے اپنے نئے کوچ گوتم گمبھیر کے ساتھ پہلی بار سری لنکا میں تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کے دو میچ جیت کر 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
اگر دیکھا جائے تو دونوں ممالک کے درمیان کھیلے گئے آخری پانچ ٹی-20 میچوں میں سری لنکا نے صرف ایک میچ جیتا ہے۔ سری لنکا نے جنوری 2023 میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔ ہندوستان نے یہ سیریز بھی جیت لی تھی۔
اس سیریز میں ہندوستان نے بالنگ اور بیٹنگ دونوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پہلے میچ میں سری لنکا فتح کی جانب گامزن تھی تبھی ہندوستانی گیند بازوں نے وکٹوں کی جھڑی لگا دی۔ دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے آئی سری لنکا اسکور 200 تک پہنچتی نظر آئی لیکن آخری پانچ اوورز میں اس کے سات وکٹ گر گئے۔
میزبان ٹیم اپنے بلے بازوں پر بھروسہ کر سکتی ہے۔ پتم نسانکا اور کوسل مینڈس اس وقت اچھی فارم میں ہیں۔ نسانکا نے گزشتہ دس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 35 کی اوسط اور 142.85 کے اسٹرائیک ریٹ سے 350 رن بنائے ہیں جبکہ مینڈس نے گزشتہ دس ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 41 کی اوسط اور 162.91 کے اسٹرائیک ریٹ سے 246 رن بنائے ہیں۔ کوسل پریرا نے بھی آخری میچ میں نصف سنچری بنائی تھی۔
کل کے میچ میں ہندوستان کو ایک بار پھر اچھی شروعات دینے کی ذمہ داری یشسوی جیسوال پر ہوگی۔ دوسرے میچ میں بھی انہوں نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع نہیں دیا۔ پچھلے پانچ میچوں میں جیسوال نے 52.75 کی اوسط اور 174.38 کے اسٹرائیک ریٹ سے 211 رن بنائے ہیں۔ روی بشنوئی بالنگ میں مسلسل متاثر کر رہے ہیں اور گزشتہ سات میچوں میں 6.26 کی اکانومی سے 10 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔