سری لنکائی حکومت نے پورے کرکٹ بورڈ کو کیا برخاست، ہندوستان سے شرمناک شکست کا اثر!
سری لنکا کرکٹ بورڈ کو برخاست کرنے کا یہ فیصلہ بورڈ کے سکریٹری موہن ڈی سلوا کے استعفیٰ کے بعد لیا گیا، جنھوں نے ہفتہ کے روز اپنے ہیڈکوارٹر کے سامنے کرکٹ شائقین کی مخالفت پر اپنا عہدہ چھوڑ دیا تھا۔
ہندوستان سے ملی بڑی شکست کے بعد سری لنکائی کرکٹ میں ہنگامہ برپا ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ وہاں کی حکومت نے کرکٹ بورڈ کے سبھی اسٹاف کو برخاست کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سری لنکا کے وزیر برائے کھیل روشن رناسنگھے نے عالمی کپ 2023 میں خراب مہم کے بعد قومی کرکٹ بورڈ کے پورے اسٹاف کو برخاست کر دیا اور ارجن رناتنگا کی قیادت میں ایک عارضی کمیٹی مقرر کی ہے۔ 1996 عالمی کپ فاتح کپتان رناتنگا کے ساتھ سات رکنی عارضی کمیٹی میں تین سبکدوش جج بھی شامل ہوں گے۔
کرکٹ بورڈ کو برخاست کرنے کا یہ فیصلہ بورڈ کے سکریٹری موہن ڈی سلوا کے استعفیٰ کے بعد لیا گیا، جنھوں نے ہفتہ کے روز اپنے دفتر کے سامنے کرکٹ شائقین کے احتجاجی مظاہرہ کے سبب عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ ’ڈیلی مرر‘ کی رپورٹ کے مطابق وزیر برائے کھیل نے کھیل ایکٹ نمبر 25، 1977 کی دفعہ 33 کے تحت دی گئی طاقتوں کا استعمال کرتے ہوئے آئندہ سری لنکا کرکٹ الیکشن تک یا اگلی اطلاع تک ایک عارضی کمیٹی مقرر کی ہے۔
رپورٹ میں جانکاری دی گئی ہے کہ عارضی کمیٹی کو ایس ایل سی بورڈ کی مبینہ بے ضابطگیوں کی رسمی جانچ کرنے اور قانونی اصولوں پر ایک وسیع رپورٹ سونپنے کا کام سونپا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کمیٹی کو سری لنکا کرکٹ بورڈ کے اندر بدعنوانی، بے ضابطگی اور انارکی دوبارہ ہونے سے روکنے کے لیے ضروری سفارشات تجویز کرنے اور طریقہ کار تیار کرنے کا حق ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔