سری لنکا اور بارش کی وجہ سے ٹیم انڈیا کو نقصان، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی راہ ہوئی دشوار

کانپور ٹیسٹ بارش کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے، جس سے ہندوستان کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل تک پہنچنے کے امکانات کو دھچکا لگا ہے۔ ٹیم انڈیا کو اپنے بقیہ 8 میچوں میں سے کم از کم 5 جیتنے ہوں گے

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کانپور میں جاری ٹیسٹ میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے ٹیم انڈیا کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے فائنل تک رسائی کے امکانات کو دھچکا لگ رہا ہے۔ پہلے تین دنوں میں صرف 35 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، جس میں بنگلہ دیش نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے ہیں۔ آخری دو دن بھی اگر مکمل کھیل ہوتا ہے، تو میچ کا نتیجہ نکلنا مشکل ہے۔ اس صورتحال میں میچ کے مکمل طور پر منسوخ ہونے کا خدشہ ہے، جو ٹیم انڈیا کے حسابات کو مزید خراب کر دے گا۔

وہیں، سری لنکن کرکٹ ٹیم نے حالیہ سیریز میں نیوزی لینڈ کو 2-0 سے شکست دے کر بھی ٹیم انڈیا کی راہ کو دشوار بنا دیا ہے۔ اس فتح کے بعد سری لنکا پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ ساتویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ اس جیت نے سری لنکا کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں جگہ بنانے کے امکانات روشن کر دیے ہیں، جبکہ ٹیم انڈیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔


ٹیم انڈیا اس وقت 71.67 فیصد جیت کی شرح کے ساتھ ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل پر پہلے مقام پر ہے لیکن کانپور ٹیسٹ بارش کی نذر ہونے کے بعد اس کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچے گا اور وہ یہ کہ ہندوستان کو اپنے بقیہ 8 میچوں میں سے کم از کم 5 میچ جیتنے ہوں گے تاکہ وہ فائنل میں جگہ یقینی بنا سکے۔ ان میچوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 اور آسٹریلیا کے خلاف 5 میچ شامل ہیں۔

ڈبلیو ٹی سی کا پوائنٹس سسٹم کچھ یوں ہے کہ ہر جیت پر 12 پوائنٹس ملتے ہیں، جبکہ میچ ڈرا ہونے پر 4 اور ٹائی ہونے پر 6 پوائنٹس دیے جاتے ہیں۔ ٹیموں کی درجہ بندی پوائنٹس کے تناسب کی بنیاد پر ہوتی ہے اور ٹاپ 2 ٹیمیں 2025 میں لارڈز کے میدان پر ہونے والے فائنل میں پہنچیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔