جنوبی افریقہ نے پاکستان سے یک روزہ سیریز جیت لی

ڈی کاک نے محض 58 گیندوں پر 11چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 83 رن بنائے، ان کی اس زبردست باری نے جنوبی افریقہ کے لئے جیت کا ہدف آسان بنادیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کیپ ٹاؤن: اوپنر کوئنٹن ڈی کاک (83) کی طوفانی نصف سنچری کی بدولت میزبان جنوبی افریقہ نے پاکستان کو بدھ کے روز پانچویں اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں سات وکٹ سے ہراکر پانچ میچوں کی یک روزہ سیریز 2۔3 سے جیتنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں میچ جیتنے کی نصف سنچری مکمل کرلی۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اورجنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 1992 سے 30 جنوری 2019 تک 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے جن میں سے27 میچ پاکستان نے جیتے، 50 میچ جنوبی افریقہ نے جیتے اورایک میچ غیرفیصلہ کن رہا۔ پاکستان کی کامیابی کا تناسب 35.06 فیصد اور جنوبی افریقہ کی کامیابی کا تناسب 64.93 فیصد ہے۔

جبکہ جنوبی افریقہ میں پاکستان اورجنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین1993 سے 30 جنوری 2019 تک 34 ون ڈے میچ کھیلے گئے جن میں سے 12 میچ پاکستان نے جیتے، 21 میچ جنوبی افریقہ نے جیتے اور ایک میچ غیرفیصلہ کن رہا۔ جنوبی افریقہ میں پاکستان کی کامیابی کا تناسب 36.36 فیصد اور جنوبی افریقہ کی کامیابی کا تناسب 63.63 فیصد ہے۔

پاکستان نے افتتاحی بلے باز فخر زمان (70) کی شاندار نصف سنچری اور آٹھویں نمبر کے بلے بازعماد وسیم کے ناٹ آؤٹ 47 رنوں کی جارحانہ باری کی بدولت 50 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 240 رن بنائے لیکن یہ اسکور میزبان ٹیم کے لئے ناکافی تھا۔ جنوبی افریقہ نے محض 40 اووروں میں 241 رن بناکر سیریز اپنے نام کرلی۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے پاکستان سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 0۔3 سے جیت لی تھی۔ دونوں ٹیمیں اب تین میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلیں گی۔

ڈی کاک نے محض 58 گیندوں پر 11چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے 83 رن بنائے، ان کی اس زبردست باری نے جنوبی افریقہ کے لئے جیت کا ہدف آسان بنادیا۔ ہاشم املہ نے 14 اور ریجا ہینڈرکس نے 33 گیندوں میں تین چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن بنائے۔

کپتان فاف ڈو پلیسس نے 72 گیندوں میں تین چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 50 اور ریسی وان ڈیر ڈوسین نے 61 گیندوں میں تین چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ 50 رن بناکر جنوبی افریقہ کو فتح کی منزل تک پہنچادیا۔ ڈوپلیسس اور ڈوسین نے چوتھے وکٹ کے لئے 95 رن کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے زماں نے 73 گیندیں کھیلتے ہوئے دس چوکے لگاکر 70 رن بنائے۔ نچلے آرڈر میں عماد وسیم نے تیز طرار اننگز کھیلتے ہوئے 31 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 47 رن بنا کر پاکستان کو 240 کے اسکور پر پہنچادیا۔ وسیم نے اننگز کے آخری اوور میں كیگسے ربادا کی گیندوں پر چوکا اور چھکا مارتے ہوئے 12 رن حاصل کیے۔

پاکستانی اننگز میں اوپنر بابر اعظم نے 25 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 24 رن، محمد حفیظ نے 28 گیندوں میں 17 رن، کپتان شعیب ملک نے 44 گیندوں میں 31 رن اور شاداب خان نے 42 گیندوں میں 19 رن بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے اینڈلے فہلکوایو نے 42 رن دے کر دو وکٹ اور ڈیون پرٹوريس نے 46 رن پر دو وکٹ لئے جبکہ ڈیل اسٹین، کیگسے ربادا اور ويان ملڈر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔