افریقی گیندباز نے بلے سےدلائی جیت، ورون چکرورتی کے پانچ وکٹ بھی رہےبے کار، 3 وکٹوں سے ملی ہار
جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ اب دونوں ٹیمیں سیریز میں ایک ایک سے برابر ہیں۔
جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہندوستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ افریقہ نے چار ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ایک ایک پوائنٹ سے برابر کر دی ہے۔ اس کم اسکور والے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 124 رنز بنائے تھے۔ جواب میں میزبان جنوبی افریقہ نے ہدف چھہ گیندیں باقی رہ کر حاصل کر لیا۔ ٹرسٹن اسٹبس اور جیرالڈ کوٹزی نے افریقہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
کل کے میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے ابھیشیک شرما ایک بار پھر ناکام رہے جو صرف 4 رنز بنا سکے۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے سنجو سیمسن اس مقابلے میں صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سوریہ کمار یادیو نے بھی اپنے بلے سے صرف 4 رنز بنائے۔ تلک ورما کو دوبارہ آغاز ملا، لیکن وہ 20 رنز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہ کر سکے۔ ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز ہاردک پانڈیا نے بنائے لیکن انہیں 45 گیندوں میں 39 رنز بنانے پر کافی ٹرول کیا گیا۔
125 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اترنے والے جنوبی افریقہ کا آغاز بھی اچھا نہیں رہا۔ افریقی ٹیم 44 رنز کے اسکور تک 3 وکٹیں گنوا چکی تھی اور جب 86 رنز کا سکور آیا تو ٹیم کے 7 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ یہاں سے ٹرسٹن اسٹبس اور جیرالڈ کوٹزی کے درمیان 42 رنز کی ناقابل شکست شراکت نے افریقی ٹیم کی جیت کو یقینی بنا دیا۔ کوٹزی ایک باؤلر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں لیکن آخر میں انہوں نے 9 گیندوں پر 19 رنز کی مختصر اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔ جبکہ ٹرسٹن اسٹبس نے 41 گیندوں پر 47 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔
ورون چکرورتی نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 4 اوور کرائے، صرف 17 رنز دیے اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اب وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کی ایک اننگز میں 5 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے پانچویں ہندوستانی گیند باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے بھونیشور کمار اور کلدیپ یادو دو بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ جبکہ یجویندر چاہل اور دیپک چاہر نے ٹی 20 میچوں میں ایک ایک بار 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بدقسمتی سے ورون کی محنت رائیگاں گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔