اسمرتی مندھانا کی ریکارڈ ساز سنچری نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ہندوستان کو دلائی 1-2 کی جیت

نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور نتیجہ خیز یک روزہ مقابلے میں اسمرتی مندھانا نے سنچری اسکور کی، اس سنچری کے ساتھ ہی انھوں نے کچھ اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے۔

اسمرتی مندھانا، تصویر یو این آئی
اسمرتی مندھانا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی مرد کرکٹ ٹیم بھلے ہی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز ہار گئی ہو، لیکن ہندوستانی خاتون ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے یک روزہ سیریز پر قبضہ کر لیا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور نتیجہ خیز مقابلے میں آج ہندوستان نے 6 وکٹ سے جیت حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم نے جیت کے لیے 234 رنوں کا ہدف رکھا تھا جسے 44.2 اوورس میں ہی حاصل کر لیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی 3 میچوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے 1-2 سے جیت درج کر لی۔ اس میچ کی اسٹار ٹیم کی نائب کپتان اور سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا ثابت ہوئیں جنھوں نے 100 رن بنائے، اور اس سنچری کی بدولت کئی اہم ریکارڈ توڑ ڈالے۔

دراصل اسمرتی مندھانا کے ذریعہ نیوزی لینڈ کے خلاف بنائے گئے 100 رن یک روزہ کرکٹ میں ان کی آٹھویں سنچری ہے، اور اس کے ساتھ ہی انھوں نے متالی راج کا ریکارڈ توڑ دیا جنھوں نے ہندوستان کے لیے 7 سنچری بنائی تھی۔ اسمرتی مندھانا بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچری بنانے والی پہلی ہندوستانی خاتون کرکٹر بھی بن گئی ہیں۔ مندھانا کو آج سنبھل کر کھیلنے کا بہت فائدہ ملا۔ انھوں نے 73 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی تھی اور اس دوران محض 4 چوکے لگائے تھے۔ نصف سنچری مکمل ہونے کے بعد مندھانا نے مزید 6 چوکے لگائے اور 121 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ اس کے بعد وہ 122ویں گیند پر آؤٹ ہو گئیں۔


مندھانا نے کپتان ہرمن پریت کور کے ساتھ 116 گیندوں میں 118 رنوں کی بہترین شراکت داری کی۔ اس شراکت داری کی بدولت ہی ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا یک روزہ میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی۔ سلامی بلے باز شیفالی ورما جس طرح محض 12 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھیں، ہندوستان میں مشکل میں دکھائی دے رہا تھا۔ پھر یاستیکا بھاٹیا (35 رن) نے مندھانا کے ساتھ 86 رنوں کی شراکت داری کر جیت کی راہ ہموار کی۔ بھاٹیا کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان کور اور مندھانا ہندوستان کو جیت کے بالکل قریب لے گئے۔ ٹیم کا اسکور جب 209 رن تھا تو مندھانا آؤٹ ہوئیں۔ جیما روڈرگز نے 18 گیندوں پر تیز طرار 22 رنوں کی اننگ کھیلی اور وہ بھی پویلین لوٹ گئیں۔ پھر جیت کے لیے ضروری رن کپتان کور نے بنا لیے اور وہ 63 گیندوں پر 59 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔