ڈیبیو ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے شریئس 16ویں ہندوستانی
ہندوستان کی ٹیسٹ کیپ پہننے کا اعزاز حاصل کرنے والے ممبئی کے نوجوان بلے باز شریئس ایئرنے سلیکٹرز کی کسوٹی پر کھرا اترتے ہوئے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا فخرحاصل کیا
کانپور: ہندوستان کی ٹیسٹ کیپ پہننے کا اعزاز حاصل کرنے والے ممبئی کے نوجوان بلے باز شریئس ایئرنے سلیکٹرز کی کسوٹی پر کھرا اترتے ہوئے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا فخرحاصل کیا۔
شریئس نے گرین پارک گراؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعہ کو 157 گیندیں کھیل کر یہ بے مثال کارنامہ انجام دیا۔ شریئس یہ کرشمہ کرنے والے 16ویں ہندوستانی بلے باز ہیں۔ اس سے قبل لالہ امرناتھ، دیپک شودھن، اے جی کرپال سنگھ، عباس علی بیگ، ہنومنت سنگھ، گنڈپا وشواناتھ، سریندر امرناتھ، محمد اظہر الدین، پروین آمرے، سورو گانگولی، وریندر سہواگ، سریش رینا، شکھر دھون، روہت شرما اور پرتھوی شا نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں سنچری بنانے کا اعزازحاصل کیا ہے۔
شریئس نے 61.40 کے اسٹرائیک ریٹ سے اپنی 105 رنز کی سنچری اننگ میں کریز پر 267 منٹ گزارے، اس دوران انہوں نے 171 گیندوں کا سامنا کیا اور 13 چوکے اور دو شاندار چھکے لگائے۔ زخمی کے ایل راہل کی جگہ شریئس کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ کوچ راہل دراوڑ کا اعتماد اور عظیم ترین بلے باز سنیل گاوسکر سے ٹیسٹ کیپ کی صورت میں ملنے والے احترام کو برقرار رکھتے ہوئے ممبئی کے نوجوان بلے باز نے آج یہ کارنامہ انجام دیا۔
اس سے قبل شریئس نے 22 ایک روزہ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی ہےاور 42.78 کی اوسط سے 810 رنز بنائے جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔