ڈیبیو میچ میں شیوم ماوی کی شاندار کارکردگی، دلچسپ مقابلے میں ہندوستان نے سری لنکا کو دو رن سے شکست دی
ہڈا نے اننگز کو اس وقت سنبھالا جب ہندوستان کی آدھی ٹیم 94 رنز پر واپس لوٹ گئی تھی، انہوں نے 23 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ ہڈا اور اکسر 68 رنز کی شراکت داری نے ہندوستان کو ایک چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا
ممبئی: دیپک ہڈا (41 ناٹ آؤٹ) کی دھماکہ خیز اننگز کے بعد ڈیبیو میچ کھیل رہے شیوم ماوی (22/4) کی تیز گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے منگل کے روز پہلے ٹی 20 میں سری لنکا کو دو رن سے شکست دے دی۔ ہندوستان نے اس دلچسپ میچ میں سری لنکا کے سامنے 163 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 160 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔
ہڈا نے اننگز کو اس وقت سنبھالا جب ہندوستان کی آدھی ٹیم 94 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔ ہڈا نے 23 گیندوں پر زبردست 41 رنز بنائے۔ ہڈا نے اکسر پٹیل کے ساتھ 35 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار شراکت داری کی جس نے ہندوستان کو ایک چیلنجنگ اسکور تک پہنچایا۔ سری لنکا نے چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 68 رن پر پانچ وکٹ گنوا دیئے لیکن کپتان داسن شناکا نے 27 گیندوں پر 45 رنز بنا کر ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا۔
اننگز کے 17 ویں اوور میں شناکا کا وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان جیت کی طرف گامزن تھا، تاہم سری لنکا نے چمیکا کرونارتنے (23 ناٹ آؤٹ) کی بدولت 19 ویں اوور میں 16 رنز جوڑے اور میچ دلچسپ موڑ پر پہنچا دیا۔ ہندوستان کو آخری اوور میں 13 رنز کا دفاع کرنا تھااور کپتان پانڈیا نے اکشر کو یہ ذمہ داری سونپی۔ کرونارتنے نے اوور کی تیسری گیند پر چھکا لگایا، لیکن اکشر نے آخری تین گیندوں میں صرف دو رنز دیے اور دو بلے بازوں کے رون آوٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم 160 رن پر سمٹ گئی۔
ٹاس ہارنے کے بعد بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے پہلے اوور میں 17 رنز جوڑے، حالانکہ اس کے بعد سری لنکا نے رن ریٹ پر لگا لگانی شروع کر دی۔ شبمن گل کو تیسرے اوور میں مہیش تیکشنا نے آؤٹ کیا جبکہ چمیکا کرونارتنے نے تین اوور بعد سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کیا۔
سنجو سیمسن (پانچ رنز) کے آؤٹ ہونے کے بعد ایشان کشن اور ہاردک پانڈیا نے اننگز کو سنبھالا، حالانکہ سری لنکن اسپنرز نے ٹیم انڈیا کے رن ریٹ کو بڑھنے نہیں دیا۔ کشن نے 29 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے جبکہ پانڈیا نے 27 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے۔ ہندوستان نے 14 اوورز میں صرف 94 رنز بنانے کے بعد پانچ وکٹ گنوا دیے جس کے بعد ہڈا اور اکشر نے نصف سنچری شراکت داری کرکے ٹیم کو دباؤ سے باہر نکالا۔
ہڈا نے 23 گیندوں پر ایک چوکے اور چار چھکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے جبکہ اکشر نے 20 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ دونوں کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے آخری پانچ اوورز میں 61 رنز جوڑ کر 20 اوورز میں 162/5 کے اسکور پر اننگز ختم کی۔ سری لنکا کی جانب سے وینندو ہسرنگا نے چار اوورز میں 22 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی جبکہ مہیش تیکشنا نے چار اوورز میں 29 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ دلشن مدوشنکا، کرونارتنے اور دھننجے ڈی سلوا کو بھی ایک ایک کامیابی ملی۔
ہندوستان نے ایک مشکل ہدف کا شاندار دفاع کرتے ہوئے آغاز کیا اور شیوم ماوی نے پتھوم نسانکا اور دھننجے ڈی سلوا کو چھوٹے اسکور پر پویلین بھیجا۔ ہرشل پٹیل نے کوسل مینڈس (28) اور بھانوکا راجا پاکسے کو آؤٹ کیا، جبکہ چرت اسلنکا (12) عمران ملک کا شکار ہوئے۔ وکٹوں کے مسلسل گرنے کی وجہ سے سری لنکا 13 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 90 رنز ہی بنا سکی۔
آخری سات اووروں میں 73 رنز درکار تھے، سری لنکا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 14ویں اوور میں 17 رنز بنائے۔ ماوی نے 15ویں اوور میں ہسرنگا (21) کو آؤٹ کیا، لیکن شاناکا نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 16ویں اوور میں ہرشل پٹیل کی گیندپر چوکا اور ایک چھکا لگا۔
سری لنکا کو چار اوورز میں 40 رنز درکار تھے، کپتان پانڈیا نے گیند عمران ملک کے حوالے کر دی۔ عمران نے اس اوور میں صرف آٹھ رنز دے کر شناکا کا بہت ہی قیمتی وکٹ حاصل کیا۔ شناکا کی وکٹ گرنے کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ میچ سری لنکا کے ہاتھ سے نکل گیا ہے، لیکن کرونارتنے نے 19ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہرشل کی گیند پر چوکا مار کر میچ کو مزید دلچسپ بنادیا۔
اکشر نے 13 رنز کا دفاع کرتے ہوئے وائیڈ کے ساتھ آخری اوور کا آغاز کیا۔ اس کے بعد انہوں نے اگلی دو گیندوں پر صرف ایک رن دیا لیکن کرونارتنے نے تیسری گیند پر چھکا لگا کر میچ کو سنسنی خیز بنا دیا۔ اکشر نے اوور کی چوتھی گیند ڈاٹ ڈالی، جب کہ پانچویں گیند پر کسون راجیتا دو رن کی کوشش میں رن آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کو آخری گیند پر چار رنز درکار تھے لیکن کرونارتنے کا شاٹ مڈ وکٹ پر کھڑے ہڈا نے روک لیا اور وہ صرف ایک ہی رن لینے میں کامیاب ہوسکے۔
مین آف دی میچ ماوی نے ہندوستان کی جانب سے چار اوورز میں 22 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ عمران نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشل (چار اوور، 41 رنز) کو بھی دو کامیابیاں ملی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔