پاکستان کا چیف سلیکٹر بنتے ہی شاہد آفریدی نے دکھایا جارحانہ انداز، تین نئے کھلاڑیوں کی ٹیم میں انٹری

شاہد آفریدی نے کہا کہ ہماری کوشش ایسی یونٹ تیار کرنے کی ہے جو 20 وکٹ لے سکے۔ تازہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے میر حمزہ، شاہنواز دہانی اور ساجد خان کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔

شاہد آفیدی، تصویر آئی اے این ایس
شاہد آفیدی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہفتہ کے روز عارضی چیف سلیکٹر مقرر کیا ہے۔ یہ ذمہ داری ملتے ہی شاہد آفریدی نے اپنا جارحانہ انداز ٹیم کے سلیکشن میں بھی ظاہر کر دیا ہے۔ عہدہ سنبھالنے کے اگلے ہی دن یعنی اتوار کے روز شاہد آفریدی نے پاکستانی ٹیم میں کچھ اہم تبدیلیاں کی ہیں اور منتخب نئی ٹیم اب پیر سے شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میں نظر آئے گی۔

پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے میر حمزہ، شاہنواز دہانی اور ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ پی سی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ سلیکشن کمیٹی کے عارضی صدر شاہد آفریدی کی قیادت میں ہوئی میٹنگ کے دوران نئی ٹیم کے بارے میں فیصلہ لیا گیا ہے۔ اس میٹنگ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم بھی شامل ہوئے تھے۔


نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم سلیکشن کے بعد شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ایسی یونٹ تیار کرنے کی ہے جو 20 وکٹ لے سکے۔ تازہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے میر حمزہ، شاہنواز دہانی اور ساجد خان کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔ ان کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں موجودگی سے کپتان بابر اعظم کے پاس فائنل الیون کے لیے بہتر متبادل ملیں گے۔

ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، حسن علی، امام الحق، کامران غلام، میر حمزہ، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، نعمان علی، ساجد خان، سلمان آغا، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہنواز دہانی، شان مسعود، زاہد محمود۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔