دلچسپ: ہندوستان کو آخری دن آٹھ وکٹیں لینے ہوں گے اور ویسٹ انڈیز کو 289 رنز بنانے ہیں
دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو 365 رنز کا ہدف دیا ہے۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک کیریبیئن ٹیم نے 2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے ہیں۔
ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پورٹ آف اسپین میں کھیلا جا رہا دوسرا ٹیسٹ انتہائی دلچسپ موڑ پر آ گیا ہے۔ چوتھے دن ٹیم انڈیا نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 365 رنز کا ہدف دیا۔ اس کے بعد دن کا کھیل ختم ہونے تک کیریبیئن ٹیم نے 2 وکٹوں پر 76 رنز بنا لیے ہیں۔ اب پانچویں دن بھارت کو جیت کے لیے 8 وکٹیں لینا ہوں گے جب کہ ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 289 رنز بنانے ہوں گے۔
چوتھے دن اسٹمپ پر، ٹیگنارائن چندر پال 24 اور جرمین بلیک ووڈ 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں کے درمیان 32 رنز کی شراکت ہوئی ہے۔ اس سے قبل کپتان کریگ بریتھویٹ 28 اور کرک میکنزی 00 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کو روی چندرن اشون نے آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ٹیم انڈیا نے 2 وکٹ پر 179 رن بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو میچ جیتنے کے لیے 365 رنز کا ہدف ملا۔ ہندوستان کی جانب سے کپتان روہت شرما کے علاوہ ایشان کشن نے دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی۔
روہت شرما نے 44 گیندوں پر 57 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ایشان کشن 34 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ واپس لوٹے۔ روہت نے پانچ چوکے اور تین چھکے لگائے جبکہ ایشان کے بلے سے چار چوکے اور دو چھکے نکلے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل اور جومل واریکن نے 1-1 کامیابی حاصل کی۔
ساتھ ہی اس سے قبل بھارت نے پہلی اننگز میں 438 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 255 رنز پر سمٹ گئی۔ بھارت کی جانب سے تیز گیندباز محمد سراج نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ محمد سراج نے ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو اپنا شکار بنایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔