روہت شرما میں رنز کی زبردست بھوک ہے: عرفان پٹھان

عرفان پٹھان نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں ہم نے روہت شرما کا ایک مختلف روپ دیکھا ہے، وہ شخص جو سنچری کے بعد سنچری بنا رہا ہے۔ ون ڈے میں ان کی کارکردگی آنے والے برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی مدد کرے گی

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے ٹیسٹ میچوں میں روہت شرما کو بطور سلامی بلے باز کھلائے جانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہت شرما ٹیسٹ کرکٹ میں بھی وریندر سہواگ جیسی ذمہ داری بخوبی انجام دے سکتے ہیں۔

عرفان پٹھان نے اسٹار اسپورٹس شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ ہمیں روہت شرما کی ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ڈبل سنچری دیکھنے کو ملی۔ ون ڈے کرکٹ میں اوپنر کی حیثیت سے آنے کے بعد ہم ان کی اننگز اور ڈبل سنچری پہلے ہی دیکھ چکے ہیں۔ آنے والے سالوں میں وہ جتنے زیادہ میچ کھیلیں گے وہ وریندر سہواگ کی طرح اثر ڈالیں گے۔ پچھلے دو سالوں میں ہم نے روہت شرما کا ایک مختلف روپ دیکھا ہے۔ وہ شخص جو سنچری کے بعد سنچری بنا رہا ہے۔ ون ڈے میں ان کی کارکردگی آنے والے برسوں میں ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی مدد کرے گی۔

عرفان پٹھان نے کہا ہے کہ ون ڈے میں اوپنر کی حیثیت سے روہت کو کامیابی سے انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی بلندی تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ تاہم ابھی روہت کی عمر 33 سال ہے۔ ایسی صورتحال میں وہ وریندر سہواگ کی کامیابی کب تک حاصل کرتے ہیں یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ روہت اب تک صرف 32 ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ سابق اوپنر سہواگ نے 104 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں جب ہم روہت شرما کو ٹیسٹ کرکٹ میں اوپنر کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے دیکھتے تھے۔ ان کا سارا ٹیسٹ کیریئر اوپننگ میں مختلف نظر آنے لگا۔ جب وہ مڈل آرڈر میں کھیلتے تھے تو وہ اس انداز سے نہیں کھیل پاتے تھے جیسی ان سے امید کی جاتی تھی۔

عرفان نے کہا کہ روہت کب تک کھیل پاتے ہیں یہ ایک اہم سوال ہی رہے گا کیونکہ سہواگ نے 100 سے زیادہ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں۔ روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں چمپئن ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں میرے لئے تین ٹاپ بلے بازوں میں سے ایک ہیں۔ لیکن اگر ہم ٹیسٹ کرکٹ کی بات کریں تو وہ تھوڑا پیچھے ہیں کیونکہ وہ شاید زیادہ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائیں۔

روہت نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2013 میں مڈل آرڈر بیٹسمین کے طور پر کیا تھا۔ گزشتہ سال روہت نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ کھیلا تھا اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں شاندار 529 رنز بنائے تھے۔ بطور ٹیسٹ اوپنر روہت شرما نے دو سنچریاں بنائیں اور ایسا کرنے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔ ایسی صورتحال میں عرفان پٹھان کو یقین ہے کہ روہت شرما میں رنز کی زبردست بھوک ہے جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ترقی کی منازل طے کرسکیں گے۔ انہوں نے روہت شرما کے ون ڈے میچوں میں بطور اوپنر کھیلنے کے تجربے کو مفید قرار دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔