پہلا ون ڈے: بے کار گئی روہت کی سنچری، آسٹریلیا سے 34 رنوں سے ہارا ہندوستان
آسٹریلیا نے ہندوستان کو جیت کے لئے 289 رنوں کا ہدف دیا جس کے جواب میں ٹیم انڈیا 50 اوور میں 9 وکٹ گنوا کر 254 رن ہی بنا سکی۔
سڈنی: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جا رہی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں روہت شرما کی شاندار 133 رن کی اننگ کے باوجود ہندوستان کو 34 رنوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آسٹریلیا نے ہندوستان کو جیت کے لئے 289 رنوں کا ہدف دیا جس کے جواب میں ٹیم انڈیا 50 اوور میں 9 وکٹ گنوا کر 254 رن ہی بنا سکی۔
آسٹریلیا کی طرف سے دئے گئے 289 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستان کی شروعات بے حد خراب رہی۔ روہت شرما کے ساتھ اوپننگ کے لئے آئے شکھر دھون اپنا کھاتہ بھی نہیں کھول پائے، انہیں اپنے کیرئر کا پہلا میچ کھیل رہے جیسن بہرڈراف نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعد جیئی رچرڈسن نے اپنے ایک ہی اوور میں کپتان وراٹ کوہلی (3) اور امباتی رائیڈو (0) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو دو مزید کرارے جھٹکے کے کر بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
روہت نے اپنی یہ سنچری اسکور کر کے آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے میں اپنی چوتھی اور کیرئر کی 22ویں سنچری لگائی۔ ایسا کرنے والے وہ پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔
اس کے بعد روہت اور دھونی نے تقریباً 28 اوور بلے بازی کی اور مشترکہ طور پر 137 رنوں کا تعاون کیا۔ یہاں دھونی کو بہرڈراف نے ایل بی ڈبلیو کر کے اپنا دوسرا شکار بنایا۔ دھونی نے 15 بین الاقوامی اننگز کے بعد نصف سنچری اسکور کی حالانکہ یہ ان کے کیرئر کی سب سے سست ففٹی تھی۔ دھونی کے بعد دنیش کارتک (12) روہت کا ساتھ نبھانے آئے لیکن 21 بال کی انن میں ایک بھی باؤنڈری نہیں لگا پائے اور رچرڈسن کی گیند پر خراب شاٹ کھیل کر بولڈ ہو گئے۔
کارتک کے بعد رویندر جڈیجا روہت کا ساتھ نبھانے آئے لیکن وہ بھی 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ جڈیجا رچرڈسن کی شاٹ بال کو تھرڈ مین باؤنڈری کی جانب چھکا لگانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن وہاں کھڑے شان مارش نے جڈیجا کا آسان سا کیچ پکڑ کر جڈیجا کی اننگ کو ختم کر دیا۔ آخر میں روہت شرما بھی باقی بچے رن اسکور کرنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے اور ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔
قبل ازیں، خراب شروعات سے ابھرنے کے بعد عثمان خواجہ، شان مارش اور پیٹر ہینڈسکونب کی نصف سنچریوں کی مدد سے آسٹریلیا نے یہاں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں جیت کے لئے ہندستا ن کے سامنے 289 رن کا ہدف رکھا۔
میزبان آسٹریلیا نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور خراب شروعات کے بعد اس نے مقررہ 50 اووروں میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 288 رن بنائے۔ خواجہ نے 59 رن، شان نے 54 رن اور ہینڈسکونب نے 73 رن کی شاندار اننگز کھیلیں ۔ اس کے علاوہ مارکس اسٹوئنس نے ناٹ آؤٹ 47 رن کا تعاون بھی دیا۔
ہندستان سے پہلی بار اپنی زمین پر ٹسٹ سیریز گنوانے والی آسٹریلیائی ٹیم نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ تو کیا لیکن اس کی شروعات خراب رہی اور کپتان آرون فنچ کا تیز گیند باز بھونیشور کمار نے محض چھ رن کے ذاتی اسکور پر بولڈ کر کے ہندستان کو پہلا وکٹ دلایا۔
فنچ نے الیکس کاری کے ساتھ اوپننگ میں صر ف 8 رن ہی جوڑے۔ بائیں ہات کے بلے باز عثمان خواجہ پھر میدان پر آئے جنہوں نے دوسرے وکٹ کے لئے کاری کے ساتھ 33 رن جوڑے ۔ کاری کو روہت شرما نے کلدیپ یادو کے ہاتھ کیچ کرایا ۔
کاری نے 31 گیندوں میں پانچ چوکے لگاکر 24 رن بنائے۔ خواجہ نے پھر شان مارچ کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 92 رن کی ساجھے داری کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 100 کے پار پہنچادیا اور اننگز کو سنبھالا۔
خواجہ نے اپنے ایک روزہ ون ڈے کیرئر کی پانچویں نصف سنچری بنائی۔ خواجہ نے 81 گیندوں میں چھ چوکے لگاکر 59 رن بنائے۔ ہینڈسکونب نے پھر شان کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے چوتھے وکٹ کے لئے 35 گیندوں میں تیزی سے 53 رن جوڑے۔
ہینڈسکونب اور اسٹوئنس نے 47 ویں اوور تک آسٹریلیا کو 254کے اطمینان بخش اسکور تک پہنچایا۔ دونوں نے پانچویں وکٹ کے لئے 68 رن کی دوسری بڑی ساجھے داری کی۔ ہندستانی گیند بازوں کے لئے سردرد بنے ہینڈکونب 73 رن پر بھونیشور کا شکار بنے۔ انہوں نے 61 گیندوں میں چھ چوکے اور دو چھکوں لگائے۔
حالانکہ اسٹوئنس آخری تک کریز پر جمے رہے اور کئی بہترین بڑے شارٹس کھیلے۔ انہوں نے 43 گیندوں میں دو چوکے اور دو چھکے لگاکر 47 رن بنائے۔ تیز گیند باز بھونیشور آخری اوور میں مہنگے بالر ثابت ہوئے۔ انہوں نے میچ کے 19ویں اوور میں اپنے 100 وکٹ کی کامیابی بھی حاصل کی۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔