سورو گانگولی کی جگہ روجر بنّی بن سکتے ہیں بی سی سی آئی کے نئے صدر، دعویداری بہت مضبوط

صدر، سکریٹری، نائب صدر، جوائنٹ سکریٹری اور ٹریزرار کے عہدوں کے لیے نامزدگی کا پرچہ 12-11 اکتوبر کر بھرا جائے گا، نامزدگی پرچوں کی جانچ 13 اکتوبر کو ہوگی۔

روجر بنّی، تصویر آئی اے این ایس
روجر بنّی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کے سابق تیز گیندباز اور کپل دیو کی 1983 کی تاریخی عالمی کپ فاتح ہندوستانی ٹیم کے رکن روجر بنی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر عہدہ کے مضبوط دعویدار تصور کیے جا رہے ہیں۔ منگل کو کچھ ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 67 سالہ سابق آل راؤنڈر موجودہ بی سی سی آئی چیف سورو گانگولی کی جگہ لے سکتے ہیں، جب کہ جئے شاہ کے بورڈ سکریٹری بنے رہنے کے امکانات ہیں۔

روجر بنّی کا نام 18 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں کرناٹک ریاستی کرکٹ ایسو سی ایشن کے نمائندہ کی شکل میں آیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گانگولی بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں چیئرمین کے عہدہ کے لیے ہندوستانی امیدوار بن سکتے ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ صدر، سکریٹری، نائب صدر، جوائنٹ سکریٹری اور ٹریزرار کے عہدوں کے لیے نامزدگی کا پرچہ 12-11 اکتوبر کر بھرا جائے گا۔ نامزدگی پرچوں کی جانچ 13 اکتوبر کو ہوگی اور امیدوار اپنے نام 14 اکتوبر کو یا اس سے پہلے واپس لے سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ راجیو شکلا بی سی سی آئی کے نائب صدر بنے رہیں گے۔

واضح رہے کہ بنّی نے ہندوستان کے لیے 27 ٹیسٹ اور 72 وَنڈے کھیلے ہیں۔ وہ عالمی کپ میں آٹھ میچوں میں 18 وکٹ لے کر سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز رہے تھے۔ بنّی کو بی سی سی آئی کی سالانہ عام میٹنگ میں کرناٹک کی نمائندگی کرنے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔


بہرحال، گانگولی کے بی سی سی آئی صدر کے طور پر برقرار رہنے پر سوال اٹھائے جا رہے تھے۔ ایسے میں قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں کہ سابق سینئر قومی سلیکٹر بنّی کو صدر کی اہم ذمہ داری مل سکتی ہے۔ اب اس کے امکانات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔