ٹی-20 سیریز: سچن تندولکر اور لارا کی ٹیم 7 مارچ کو ہوگی آمنے سامنے

روڈ سیکورٹی ورلڈ سیریز میں کل 11 میچ کھیلے جائیں گے اور اس میں 5 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ پہلا میچ 7 مارچ کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ فائنل میچ 22 مارچ کو بریبورن اسٹیڈیم میں ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستانی کرکٹ کے ’بھگوان‘ کہے جانے والے سچن رمیش تندولکر کے شیدائیوں کے لیے خوشخبری ہے۔ بہت جلد وہ 11 میچوں کی ایک ٹی-20 سیریز میں حصہ لینے والے ہیں جو کہ 7 مارچ سے کھیلی جائے گی۔ اس ٹورنامنٹ میں 5 ممالک ہندوستان، آسٹریلیا، سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر کھیلیں گے جن میں کچھ بڑے نام شامل ہوں گے مثلاً سچن تندولکر، برائن لارا، ویریندر سہواگ، یووراج سنگھ، ظہیر خان، شیونارائن چندرپال، بریٹ لی، جونٹی روڈس، متھیا مرلی دھرن، تلک رتنے دلشان اور اجنتا مینڈس وغیرہ ۔


13 فروری کو اس ٹی-20 سیریز سے متعلق مکمل شیڈول جاری کیا گیا۔ اس شیڈول کے مطابق 2 میچ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں، 4 میچ پونے واقع مہاراشٹر کرکٹ ایسو سی ایشن اسٹیڈیم، 4 میچ نوی ممبئی کے مہاراشٹر کرکٹ ایسو سی ایشن اسٹیڈیم اور فائنل میچ ممبئی واقع بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سبھی میچ شام 7 بجے سے شروع ہوں گے تاکہ لوگ اپنے دفاتر سے گھر پہنچ کر میچ سے لطف اندوز ہو سکیں۔


جاری شیڈول میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم پونے میں 2 میچ کھیلے گی۔ 14 مارچ کو جنوبی افریقہ لیجینڈس سے مقابلہ ہوگا اور 20 مارچ کو ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا لیجینڈس کے ساتھ کھیلے گی۔ وانکھیڑے اور ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم ایک ایک میچ کھیلے گی۔ انڈیا لیجینڈس کی قیادت سچن تندولکر کریں گے۔ سابق ہندوستانی کپتان سنیل گواسکر اس سیریز کے کمشنر ہوں گے۔

واضح رہے کہ پانچ ممالک کے معروف سابق کرکٹرس یہ ٹورنامنٹ کسی خاص مقصد کے تحت کھیل رہے ہیں۔ دراصل ہندوستان میں ہر سال سڑک حادثوں میں تقریباً 2 لاکھ افراد کی جان چلی جاتی ہے اور لاکھوں زخمی بھی ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں لوگوں کو بیدار کرنے اور انھیں امداد فراہم کرنے کے مقصد سے ہی یہ چیریٹی میچ سیریز کھیلی جائے گی۔ اسی وجہ سے سیریز کا نام ’روڈ ایکسیڈنٹ ورلڈ سیریز‘ رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کو ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارم ’اَن اکیڈمی‘ اسپانسر کرے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Feb 2020, 9:11 PM