محمد سراج کو پیچھے چھوڑ رشبھ پنت بنے ’آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ‘، خواتین میں شبنم اسماعیل نے ماری بازی

مردوں کے زمرے میں ’پلیئر آف دی منتھ‘ کا ایوارڈ ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو حاصل ہوا، جب کہ خواتین کے زمرے میں جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

رشبھ پنت، تصویر آئی اے این ایس
رشبھ پنت، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

آئی سی سی کی جانب سے ’پلیئر آف دی منتھ‘ (مہینے کے سب سے بہترین کھلاڑی) کا جو نیا ایوارڈ شروع کیا گیا ہے، اس پر پہلا قبضہ ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کا ہوا ہے۔ محمد سراج بھی اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل تھے اور آسٹریلیا میں بہترین گیندبازی کے لیے کچھ لوگ امید لگا رہے تھے کہ ایوارڈ انھیں حاصل ہوگا، لیکن رشبھ پنت کو آسٹریلیا میں بہترین بلے بازی کے لیے یہ انعام حاصل ہوا۔ اس ایوارڈ کی دوڑ میں ہندوستان کی جانب سے آر اشون اور ٹی نٹراجن سمیت پوری دنیا سے کئی کرکٹر شامل تھے۔ بعد ازاں تین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں رشبھ پنت کے ساتھ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ شامل تھے۔ آخر میں یہ ایوارڈ رشبھ پنت کے حصے میں گیا۔

دوسری طرف خواتین کے زمرے میں ’پلیئر آف دی منتھ‘ کا ایوارڈ جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل کو دیا گیا ہے۔ شبنم اسماعیل نے مقررہ ماہ میں تین یک روزہ اور دو ٹی-20 بین الاقوامی میچوں میں شاندار مظاہرہ کیا تھا۔ انھوں نے پاکستان کے خلاف یک روزہ سیریز میں 7 وکٹ لیے تھے اور اسی ٹیم کے خلاف دوسرے ٹی-20 بین الاقوامی میچ میں 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔


بہر حال، ’آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ ملنے کے بعد رشبھ پنت نے کہا کہ ’’کسی بھی کھلاڑی کے لیے ٹیم کی جیت میں تعاون کرنا سب سے بڑا ایوارڈ ہوتا ہے، لیکن اس طرح کی پیش قدمی نوجوانوں کو خود کو بہتر بنانے کے لیے ترغیب دیتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں یہ ایوارڈ ٹیم ہندوستان کے ہر رکن کے نام کرتا ہوں جس نے آسٹریلیا میں ہماری جیت میں تعاون پیش کیا۔‘‘

واضح رہے کہ ’آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ‘ ایوارڈ دیئے جانے کا فیصلہ ہر مہینے کے دوسرے پیر کو آئی سی سی کے ڈیجیٹل چینلوں پر کیا جائے گا۔ آئی سی سی نے بتایا ہے کہ کیلنڈر مہینے میں میدان پر کارکردگی کی بنیاد پر مرد اور عورت گروپ میں تین تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا جائے گا۔ نامزد کھلاڑیوں میں فاتحین کا سلیکشن ووٹنگ اکادمی کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔