روی شاستری کی ایک غلطی نے انگلینڈ کے خلاف ’ٹیسٹ سیریز‘ پر لگا دیا داغ!
اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاستری کی کتاب کا اجراء اوول ٹیسٹ سے قبل عمل میں آیا تھا، جو کہ ہندوستانی ٹیم کے اراکین میں کووڈ پھیلنے کا سبب بنا، یہی وجہ ہے کہ شاستری کے خلاف خوب آوازیں اٹھ رہی ہیں۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ سیریز کا پانچواں میچ کینسل کیے جانے کی خبروں سے کرکٹ شیدائیوں میں کافی مایوسی ہے، اور ساتھ ہی ہیڈ کوچ روی شاستری اور کپتان وراٹ کوہلی پر ناراضگی بھی ہے کیونکہ ان دونوں کی ایک غلطی کی وجہ سے جاری ٹیسٹ سیریز پر ایک داغ لگ گیا ہے۔ ان دونوں کی غلطی پر نہ صرف کرکٹ شیدائی اور کئی سابق کرکٹر ناراض ہیں، بلکہ بی سی سی آئی نے بھی اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔
دراصل ہیڈ کوچ روی شاستری، گیندبازی کوچ بھرت ارون، فیلڈنگ کوچ آر شری دھر اور فیزیو نتن پٹیل اب تک کووڈ پازیٹو پائے جا چکے ہیں۔ میچ کینسل ہونے کے بعد شاستری خصوصی طور پر کرکٹ شیدائیوں کے نشانے پر ہیں۔ چوتھا ٹیسٹ شروع ہونے سے دو دن قبل شاستری اور ٹیم انڈیا کے پلیئرس نے ایک تقریب میں شرکت کی تھی، اسی تقریب کو ہندوستانی خیمہ میں کووڈ پھیلنے کے پیچھے ذمہ دار بتایا جا رہا ہے۔
یہ خبریں پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں کہ ’دی اوول‘ ٹیسٹ (سیریز کا چوتھا ٹیسٹ میچ) جو کہ 2 ستمبر سے شروع ہوا تھا، اس سے دو دن قبل ایک ہوٹل میں روی شاستری کی نئی کتاب کو لانچ کرنے کا پروگرام رکھا گیا تھا۔ شاستری تو اس تقریب میں موجود تھے ہی، کپتان کوہلی سمیت کئی کھلاڑی بھی اس میں حصہ لینے پہنچے تھے۔ جو کھلاڑی اس تقریب میں نظر آئے ان میں کوہلی کے علاوہ اجنکیا رہانے، چیتیشور پجارا، جسپریت بمراہ، شاردل ٹھاکر، سوریہ کمار یادو سمیت سپورٹ اسٹاف کے اراکین بھی شامل ہیں۔
بی سی سی آئی نے اس حرکت پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ خبر کے مطابق شاستری اور ٹیم کے کھلاڑیوں نے اس تقریب میں جانے کے لیے اجازت بھی نہیں لی تھی۔ دی اوول ٹیسٹ کے دوران انگریزی روزنامہ ’ٹائمز آف انڈیا‘ کی ایک رپورٹ بھی شائع ہوئی تھی جس میں بی سی سی آئی کے ایک سرکردہ افسر نے کہا تھا کہ ’’بورڈ معاملے کی جانچ کرے گا۔ اس واقعہ بورڈ شرمندہ ہوا ہے۔ کوچ اور کپتان کو اوول میں چوتھے ٹیسٹ کے بعد صفائی دینے کے لیے کہا جائے گا۔ ٹیم کے انتظامی منیجر گریش ڈونگرے کا کردار بھی جانچ کے دائرے میں ہے۔‘‘
بہر حال، اب شاستری اور ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو زبردست ناراضگی کا سامنا ہے۔ کئی لوگوں نے اس تقریب کی تصویریں بھی شیئر کی ہیں اور خصوصاً شاستری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ شاستری کی حمایت میں بھی کچھ ٹوئٹس سامنے آئے ہیں۔ سابق کرکٹر ایسابیل ویسٹبری نے لکھا ہے کہ ’’کتاب اجراء کی تقریب کی تنقید تو خوب ہوگی۔ ایک طرف کھلاڑی اور اسٹاف کا بغیر احتیاط کے پبلک سے ملنا بے وقوفانہ ہے، لیکن دوسری طرف سخت بایو سیکیور انوائرنمنٹ نہیں تھا۔ کوئی ضابطہ نہیں توڑا گیا۔‘‘ ایک دیگر سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہ کہ ’’شاستری کو قصور دینا آسان ہے، لیکن اس سیریز میں تین بار ایک بندہ میدان پر چلا آیا۔ ایسے حالات کے لیے سب ذمہ دار ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 10 Sep 2021, 7:11 PM