دھونی کے یک روزہ کرکٹ کیریر پر روی شاستری نے دیا بڑا بیان، شیدائی مایوس
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ روی شاستری کا کہنا ہے کہ اگر مہندر سنگھ دھونی کو لگتا ہے کہ وہ کھیلنا جاری نہیں رکھ سکتے، تو ٹسٹ کرکٹ کی طرح ہی یک روزہ کرکٹ سے بھی دور رہنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
ہندوستان کے مایہ ناز کرکٹر مہندر سنگھ دھونی طویل عرصہ سے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ نہیں ہیں اور اب روی شاستری کے ایک بیان نے اشارہ دیا ہے کہ وہ جلد یک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں۔ یہ بات دھونی کے شیدائیوں کے لیے انتہائی مایوس کن ہے۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ وہ ٹی-20 کرکٹ میں بہت جلد واپسی کر سکتے ہیں۔
دراصل سی این این-نیوز 18 کو ہندوستانی کرکٹ کوچ روی شاستری نے ایک انٹرویو دیا ہے جس میں انھوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’دھونی طویل مدت سے تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے تھے۔ پھر انھوں نے ٹسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ دیا اور اب وہ یک روزہ کرکٹ بھی چھوڑ سکتے ہیں۔‘‘ انھوں نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’اس عمر میں وہ صرف ٹی 20 کرکٹ ہی کھیلنا چاہیں گے اور اس کے لیے انھیں دوبارہ کھیلنا شروع کرنا ہوگا۔‘‘
روی شاستری کے اس بیان سے واضح اشارہ مل رہا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی جلد ہی اپنے یک روزہ کیریر کو الوداع کہہ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ میں وہ ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے انھیں کھیلنا شروع کرنا ہوگا کیونکہ طویل مدت سے وہ کرکٹ سے دور ہی ہیں۔
روی شاستری نے بات چیت کے دوران کہا کہ مہندر سنگھ دھونی کا ٹی-20 کرکٹ کیریر ابھی زندہ ہے اور وہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلیں گے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں دھونی کے بارے میں ایک بات جانتا ہوں کہ وہ خود کو ٹیم پر کبھی نہیں تھوپتے۔ اگر انھیں لگتا ہے کہ وہ کھیلنا جاری نہیں رکھ سکتے ہیں تو ٹسٹ کرکٹ کی طرح ہی کہہ دیں گے کہ میں کافی کر کٹ کھیل چکا ہوں۔ لیکن اگر وہ آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو پھر وہ اس فارمیٹ میں آگے بھی کھیلنا جاری رکھ سکتے ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ مہندر سنگھ دھونی نے جولائی 2019 سے ایک بھی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ہے، لیکن انھوں نے ریٹائرمنٹ سے متعلق بھی صاف طور پر کچھ نہیں کہا ہے۔ چونکہ آئی پی ایل اسی سال مارچ سے شروع ہونے والا ہے اور اس میں دھونی کا کھیلنا یقینی ہے، اس لیے پورا امکان ہے کہ اچھی کارکردگی پیش کرنے پر ان کا سلیکشن اکتوبر میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں ہو جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔