راہل دراوڑ کے ’ماسٹر اسٹروک‘ نے سری لنکا پر ہندوستان کو فتح دلائی: بھونیشور کمار
بھونیشور نے کہا کہ ’’ہمارا ہدف آخری اوور، آخری گیند تک کھیلنا تھا، اس لیے ہم میچ کو آخر تک لے جانا چاہتے تھے۔ واحد منصوبہ آخر تک کھیلنے کا ہی تھا اور دیپک نے جس طرح کی بلے بازی کی وہ شاندار تھی۔‘‘
سری لنکا کے خلاف چل رہی یک روزہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے نائب کپتان اور تیز گیندباز بھونیشور کمار نے 20 جولائی کو کھیلے گئے دوسرے یک روزہ میچ میں ہندوستان کی فتح کا سہرا کوچ راہل دراوڑ کے سر باندھا اور انھوں نے کہا کہ ’’دیپک چہر کو مجھ سے پہلے بھیجنے کا فیصلہ کوچ راہل دراوڑ کا ہی تھا۔ چہر کی زبردست بلے بازی کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کو 3 وکٹ سے شکست دی۔‘‘
دراصل کولمبو میں کھیلے گئے دوسرے یک روزہ میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکائی ٹیم نے 276 رن بنائے تھے اور اس کا پیچھا کرتے ہوئے ایک وقت ہندوستان کے 7 کھلاڑی 193 رن پر ہی آؤٹ ہو گئے تھے۔ اس موقع پر بھونیشور کمار کو بلے بازی کرنے کے لیے اترنا تھا لیکن دیپک چہر میدان میں آئے، اور پھر جب کرونال پانڈیا آؤٹ ہو گئے تو بھونیشور کمار بلے بازی کرنے اترے۔ پھر چہر اور بھونیشور نے مل کر آٹھویں وکٹ کے لیے 84 رنوں کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کی۔ چہر نے 69 اور بھونیشور نے 19 رن بنائے۔
بھونیشور کمار نے میچ کے بعد بتایا کہ ’’ہمارا ہدف آخری اوور، آخری گیند تک کھیلنا تھا، اس لیے ہم میچ کو آخر تک لے جانا چاہتے تھے۔ واحد منصوبہ آخر تک کھیلنے کا ہی تھا اور دیپک نے جس طرح کی بلے بازی کی وہ شاندار تھی۔‘‘ بھونیشور کمار نے مزید کہا کہ ’’وہ کوچ راہل دراوڑ کی رہنمائی میں ہندوستان اے کی جانب سے یا کسی سیریز میں کھیل چکا ہے اور اس نے وہاں بھی رن بنائے تھے۔ اس لیے دراوڑ کو پتہ تھا کہ وہ بلے بازی کر سکتا ہے، اور یہ دراوڑ کا ہی فیصلہ تھا کہ وہ مجھ سے پہلے اترے۔‘‘ نائب کپتان نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’چہر نے جس طرح کی بلے بازی کی، اس نے دراوڑ کے فیصلے کو صحیح ثابت کیا۔ ہم سبھی کو پتہ ہے کہ وہ بلے بازی کر سکتا ہے، اس نے رنجی ٹرافی میں کئی بار بلے بازی کی ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔