ایشیا کپ ٹورنامنٹ سری لنکا سے یو اے ای منتقل کرنے کی تیاری!
27 اگست سے 11 نومبر تک ہونے والے ایشیا کپ 2022 میں چھ ٹیمیں حصہ لینے جا رہی ہیں، ان میں سری لنکا، ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان پہلے ہی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
سری لنکا میں جاری معاشی بحران کے سبب ایشیا کپ 2022 کو یو اے ای یعنی متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی تیاری چل رہی ہے۔ حالانکہ ٹورنامنٹ شروع ہونے میں ابھی ایک ماہ سے زیادہ کا وقت ہے، لیکن سری لنکا کے حالات کو دیکھتے ہوئے ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے بورڈ ممبرس نے متبادل پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے لیے یو اے ای میں امیرات کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے ساتھ تبادلہ خیال بھی شروع ہو چکا ہے۔ اگر ایشیا کپ سری لنکا سے یو اے ای منتقل ہوتا ہے تو یہ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ سری لنکائی کرکٹ شیدائیوں کے لیے بھی ایک بہت بڑا جھٹکا ہوگا۔
غور کرنے والی بات یہ ہے کہ معاشی بحران کا سامنا کرنے کے باوجود سری لنکا نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف تینوں فارمیٹ کی سیریز کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا ہے اور فی الحال دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔ یعنی ابھی حتمی طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ ایشیا کپ 2022 سری لنکا میں نہیں کھیلا جائے گا۔ ویسے سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سکریٹری موہن ڈی سلوا نے ایک نیوز چینل سے کہا کہ ’’ہاں، پورا امکان ہے کہ ایشیا کپ کو یو اے ای میں منتقل کر دیا جائے۔ اس معاملے میں اے سی سی کے افسران سے بھی بات ہوئی ہے۔ اس کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔‘‘
واضح رہے کہ گزشتہ یعنی 2018 میں بھی ایشیا کپ کا انعقاد یو اے ای میں ہی ہوا تھا۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم چمپئن بنی تھی۔ بہرحال، 27 اگست سے 11 نومبر تک ہونے والے ایشیا کپ 2022 میں چھ ٹیمیں حصہ لینے جا رہی ہیں۔ ان میں سری لنکا، ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان پہلے ہی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے بعد چھٹی اور آخری ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔ چھ ٹیموں کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ 20 اگست سے شروع ہوگا جس میں ہانگ کانگ، کویت، سنگاپور او ریو اے ای کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔