گھریلو حالات میں ٹیسٹ میچ کھیلنا آسان نہیں: وراٹ
وراٹ نے کہا کہ ٹیم کو اچھے سے پتہ ہے کہ مشکل وقت میں کیسے کھیلنا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ کس طرح ٹیسٹ میچ جیتنا ہے۔ گھریلو حالات میں ٹیسٹ میچ کھیلنے آسان نہیں ہوتا اور کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے
پونے: ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے پہلے آج کہا کہ گھریلو حالات میں ٹیسٹ میچ کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ یہاں حالات بدلے ہوئے اور پچ مختلف ہوتی ہے اور کئی بار آپ گھریلو میدان سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہ سکتے ہیں۔
کپتان وراٹ نے کہا کہ اگرچہ ان کی ٹیم اچھے سے جانتی ہے کہ مشکل حالات میں میچ کس طرح جیتا جاتا ہے۔ بطور کپتان وراٹ کا ٹیسٹ میں گھریلو میدان میں ریکارڈ بہتر رہا ہے لیکن 2017 میں آسٹریلیا کے خلاف اس میدان میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا کو زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وراٹ نے کہا، "ٹیم کو اچھے سے پتہ ہے کہ ہمیں مشکل وقت میں کیسے کھیلنا ہے اور ہم جانتے ہیں کہ ہمیں کس طرح ٹیسٹ میچ جیتنا ہے۔ گھریلو حالات میں ٹیسٹ میچ کھیلنے آسان نہیں ہوتا اور کچھ مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ " ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ نے کہا، "گیند اسپن کرتی ہے اور ہمیں یہاں اس سے پہلے بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن ہماری ایسی ٹیم ہے جس کی جوابدہی بنتی ہے اور ہم بہانے نہیں بنا سکتے۔ میرے خیال سے ہمیں اس شعبے میں تھوڑے اصلاح کی ضرورت ہے اور اپنی غلطیوں سے سبق لے کر آگے بڑھنا ایک ٹیم کی حیثیت سے کافی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
چائنا مین گیندباز کلدیپ یادو کو پہلے مقابلے میں آخری الیون میں شامل نہ کر نے پر وراٹ نے کہا کہ گھریلو حالات میں کلدیپ کو بٹھا کر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کو شامل کرنا میدان کی پوزیشن اور ٹیم کے تال میل کے موافق تھا۔ وراٹ نے کہا، "وہ جانتے ہیں کہ ہندوستان میں اشون اور جڈیجہ ہی ہماری پہلی پسند ہیں کیونکہ یہ دونوں کھلاڑی بولنگ کے ساتھ ساتھ بلے بازی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہمارے لئے ٹیم کا انتخاب ’کوارڈی نیشن‘ پر ہوتا ہے اور یہ فیصلہ اس کا حصہ تھا۔"
کپتان کوہلی نے کہا، "ہمارے لئے صرف ایک ہی چیز معنی رکھتی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم زیادہ سے زیادہ مقابلے جیتے اور ٹیم میں ایسا کرنے کی صلاحیت ہے۔ ہماری ٹیم کا گزشتہ تین برسوں میں شکست کا فیصد انتہائی کم رہا ہے اور یہ ٹیم کے لئے مثبت بات ہے۔"
وراٹ نے کہا، "ہماری ٹیم انتہائی متوازن ہے لیکن یہ سب ٹیم کی مشترکہ کارکردگی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ٹیم کا ہر کھلاڑی جیت میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ کوئی بھی کھلاڑی ذاتی طور پر اپنے لئے سوچ نہیں رہا ہے اور سبھی کھلاڑی ٹیم میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ تیز گیند باز اپنا تعاون دے کر خوش ہیں اور وہ اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور یہی بات کلدیپ پر بھی لاگو ہوتی ہے۔" ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ جمعرات سے پونے میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان نے پہلے ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کے 203 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفرکی برتری حاصل کر لی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔